دہلی : انڈین کرکٹر رشبھ پنت کار حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ جمعے کی صبح رشبھ کی مرسیڈیز کار دہلی دہرا دون ہائی وے پر ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے باعث حادثے کا شکار ہوئی۔دہرادون میکس ہسپتال کے ڈاکٹر آشیش یاگنک نے رشبھ پنت کے حالت کے بارے میں بتایا ہے کہ ’وہ خطرے سے باہر ہیں اور آرتھوپیڈک سرجن اور پلاسٹک سرجن سمیت ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کو آنے والی چوٹوں کا معائنہ کر رہی ہے۔
’ان کی جانچ اور تشخیص کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی مزید علاج کی نوعیت کے متعلق کچھ کہا جا سکے گا۔‘اس سے قبل ہری دوار کے ایس ایس پی اجے سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’حادثہ صبح ساڑھے پانچ اور چھ بجے کے درمیان پیش آیا جب رشبھ پنت کی کار دہلی دہرادون ہائی وے پر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔
’حادثے سے رشبھ کی مرسیڈیز گاڑی کا سامنے کا شیشہ ٹوٹ گیا اور وہ جھٹکے سے گاڑی سے باہر نکل گئے۔ حادثے کے فوراً بعد کار میں آگ لگ گئی۔‘حادثے کے فورا بعد لائف سپورٹ سے آراستہ ایمبولینس جائے حادثہ پر پہنچی اور انھیں دہرادون کے میکس ہسپتال منتقل کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے ڈاکٹر سے بات کی ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے میں ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انھیں کوئی اندرونی چوٹ نہیں آئی ہے۔ رشبھ کے سر اور ٹانگ پر چوٹ اور کمر پر خراش آئی ہے۔ مزید ایکس رے رپورٹ آنے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔‘
ادھر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر دھامی نے ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر انھیں ہوائی جہاز سے ہسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے۔
انڈین کرکٹر رشبھ دہلی سے روڑکی میں واقع اپنے گھر جا رہے تھے۔ ہریدوار کے ایس پی دیہات سوپن کشور نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ رشبھ پنت کی کار کو ہریدوار ضلع میں منگلور اور نرسن کے درمیان حادثہ پیش آیا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ رشبھ کے علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات کریں۔
انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رشبھ کے ماتھے پر دو کٹ لگے ہیں اور دائیں گھٹنے، کلائی اور انگوٹھے پر بھی چوٹیں آئی ہے۔ ایم آئی آر سکینز کے ذریعے ان زخموں کی نوعیت دیکھی جائے گی تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ وہ انڈین کرکٹر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں گے اور صدمے سے نکالنے کے لیے ان کے ساتھ ساتھ ان کے خاندان کی بھی مدد کریں گے۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )

