ایبجسٹن : انگلینڈ نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا ہے۔
چوتھے روز پاکستان کی جانب سے دیے گئے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کو محمد عباس کے پہلے ہی اوور میں اوپنرز کا نقصان اُٹھانا پڑا۔ جو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
لیکن کپتان جو روٹ اور جارڈن کوکس نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کو ہدف تک پہنچا دیا۔ جو روٹ 62 جبکہ جارڈن کوکس 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کو اس سے قبل لارڈز اور ہیڈانگلے ٹیسٹ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم تیسرے ٹیسٹ میں رضا اللہ کی بولنگ اور دوسری اننگز میں جارحانہ بلے بازی نے میچ میں کچھ دلچسپی پیدا کر دی تھی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس کے علاوہ کوئی بھی بولر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور انگلش بلے باز ابتدائی نقصانات کے بعد محتاط انداز میں بلے بازی کرتے رہے۔
پاکستان کی مزاحمت
پہلی اننگز میں 320 رنز کے خسارے کے باوجود پاکستان نے بھرپور مزاحمت کی اور انگلینڈ کے خلاف 129 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔
تیسرے دن پاکستان نے 52 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ اذان اویس اور شان مسعود نے 125 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
اذان اویس 59 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ شان مسعود سنچری سے صرف پانچ رنز دور رہ گئے اور 95 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد کپتان بابر اعظم نے پاکستان کی مزاحمت میں 76 رنز کا حصہ ڈالا، تاہم 278 کے مجموعی سکور پر ان کی وکٹ بھی گر گئی۔
سعود شکیل 29، غازی غوری 16 اور محمد عمران چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بولنگ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے والے رضا اللہ نے اس موقع پر بیٹنگ بھی جم کر کی۔ انھوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 81 رنز بنائے، جس میں چار چوکے اور نو چھکے شامل تھے۔ دوسری جانب محمد عباس نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی پوری ٹیم 96.4 اوورز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے گس اٹکنسن نے تین جبکہ اولی رابنسن، جوش ٹنگ اور ڈین لارنس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایجبسٹن ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ جواب میں انگلینڈ نے 453 رنز بنا کر پاکستان پر 320 رنز کی بڑی لیڈ حاصل کر لی تھی۔
پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل، بولر محمد عباس کے علاوہ کوئی زیادہ دیر تک کریز پر نہیں رُک سکا۔ سعود شکیل نے 43 اور محمد عباس نے 21 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ دو ہندسوں میں داخل ہونے والے تیسرے کھلاڑی رضا اللہ تھے، جنھوں نے 11 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ کپتان بابر اعظم سمیت کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہو سکا۔
انگلینڈ کی جانب سے جاش ٹنگ نے چار اور جوفرا آرچر اور اولی رابنسن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
( بشکریہ : بی بی سی )
رضا اللہ کی مزاحمت کے باوجود ایجبسٹن ٹیسٹ میں شکست: انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ
ایڈیٹر1 Views

