ملتان ۔۔ گردو پیش نیوز ۔۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی والدہ ، سابق خاتون اول پاکستان اور سابق رکن قومی اسمبلی کلثوم نوازکی آٹھویں برسی گیارہ ستمبر خاموشی سے گزر گئی ۔اس موقع پر جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں کوئی قابلِ ذکر تقریب نہیں ہوئی ۔۔راولپنڈی کے ایک مسلم لیگی کارکن کے مطابق راول پنڈی میں چھ خواتین ایم پی ایز ہیں دو تین خواتین ایم این اے بھی ہیں اس کے علاوہ اور بھی مسلم لیگ کی قیادت ہے راولپنڈی سٹی کی بھی قیادت ہے لیکن راولپنڈی میں صرف پرانے کارکنوں سردار طارق شیخ ، تنویر اختر ، رضوان عباسی ، حافظ عبداللہ بٹ ، حاجی اکرم نے برسی کی تقریب منعقد کرائی ۔
کلثوم نواز 29مارچ 1948ءکولاہور میں پیداہوئیں۔ 1972ءمیں انہوں نے فارمین کرسچین کالج سے اردو ادب میں بی اے کیا جبکہ پنجاب یونیورسٹی سے اردو شاعری میں ایم اے کیا۔ کلثوم نواز نے اردو ادب میں پی ایچ ڈی بھی کیا۔1968ءمیں ان کی شادی نوازشریف سے ہوئی۔ کلثوم نواز تین مرتبہ خاتون اول اور نوازشریف کی جلاوطنی کے دوران 1999سے 2002ءتک پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدررہیں۔ 11ستمبر2018ءکو گلے کے سرطان کے باعث ان کا لندن میں انتقال ہوگیا تھا ۔

