عابد عبداللہ کی رخصتی کی خبر نے ہمیں بھی اسی طرح حیران کر دیا جیسے ان کے حلقہ احباب میں شامل دیگر احباب کے لیے یہ خبر حیران کن تھی ۔۔ سن دو ہزار سات میں ان کے ساتھ ہماری آخری ملاقات اور آخری مکالمہ اس روز ہوا جب وہ روزنامہ جنگ کے ساتھ منسلک ہوئے ۔ جنگ گروپ میں ان کا وہ پہلا اور ہمارا آخری دن تھا ۔ وہ ہمارے ’’ جنگ ‘‘ سے استعفے کی خبر سن کر ہی ملتان آئے تھے ۔۔۔ اور انہوں نے مجھے اور اصغر زیدی کو کہا تھا ‘‘ یار آپ نے مجھے جنگ گروپ میں شمولیت پر یہ کیسی سلامی دی ہے ۔۔ لیکن اس وقت تک بہت سا پانی پلوں کے نیچے سے گزر چکا تھا ۔۔
عابد عبداللہ صاحب کے ساتھ ہمارا پہلا رابطہ ان دنوں ہوا جب وہ 2001 میں روزنامہ ایکسپریس کے اجراء کے لیے ملتان آئے تھے۔۔ ان کا قیام ’’ ہالی ڈے ان ‘‘ میں تھا جو اب ’’ رمادا ‘‘ کہلاتا ہے ۔۔ انہی دنوں روزنامہ جنگ ملتان کے لیے انٹرویوز کا سلسلہ بھی چل رہا تھا ۔۔ عابد صاحب نے ہمیں روزنامہ جنگ میں جانے سے روکنے کی بہت کوشش کی لیکن ہم محمود شام صاحب سے جنگ گروپ سے وابستگی کا وعدہ کر چکے تھے ۔ اس کے علاؤہ ہماری خواہش یہ بھی تھی کہ ہم میگزین سیکشن کے لیے کام کریں جب کہ عابد عبداللہ کا اصرار تھا کہ ہم ایکسپریس کے ساتھ وابستہ ہو جائیں ۔۔ مستقبل میں اس کا میگزین سیکشن بھی فعال ہو جائے گا جس کے بعد ہمیں میگزین سیکشن کا کام سونپ دیا جائے گا ۔۔ عابد صاحب کی خواہش تھی کہ جب تک میگزین سیکشن قائم نہیں ہوتا ہم اس وقت تک نیوز روم میں کام کریں ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنگ میں ہماری شناخت ختم ہو جائے گی۔ کالم یا مضمون تو دور کی بات وہاں کارکنوں کا نام بھی اخبار میں شائع کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ( اور ان کی یہ بات غلط بھی نہیں تھی ۔ ہم البتہ روزنامہ ’’ نیا دن ‘‘ میں کام کے دوران نیوز روم کے رت جگوں سے تنگ آ چکے تھے ۔ یہ الگ بات کہ بعد ازاں ایک طویل عرصہ تک جنگ میں بھی ہمیں رت جگے ہی کاٹنا پڑے ۔۔
عابد عبداللہ صاحب سے جب ہماری ملاقات ہوئی ان دنوں روزنامہ جنگ کا اجراء ہونے والا تھا اور جنگ میں کام کرنا ہمارا خواب تھا ۔۔ عابد صاحب کا خیال تھا کہ جنگ کی بجائے ‘‘ ایکسپریس ‘‘ میں ہمارے لیے آگے بڑھنے اور اپنی شناخت بنانے کے مواقع زیادہ ہوں گے لیکن ہم ایکسپریس ملتان کو نیا اخبار سمجھ کر وہاں جانے کا رسک نہیں لینا چاہتے تھے ۔۔
قصہ مختصر یہ کہ ہم عابد عبداللہ صاحب کے ساتھ معذرت کر2002 میں روزنامہ جنگ کے ساتھ منسلک ہو گئے ۔۔اور پھر 2007 آ گیا ۔جب ہم نے جنگ سے روانگی کا فیصلہ کیا ۔۔ ہم جن خوابوں کے ساتھ وہاں گئے تھے وہ بس خواب ہی رہے ۔ پھر ہم نے برادرم اصغر زیدی کے ہمراہ دنیا ٹی وی کی بانی ٹیم کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا اس وقت تک عبداللہ عابد صاحب روزنامہ جنگ کے ساتھ منسلک ہو چکے تھے ۔۔ محمود شام صاحب اور ایم ایس آر ( میر شکیل الرحمان ) کو پتا چلا کہ ہم جنگ چھوڑ رہے ہیں تو انہوں نے عابد عبداللہ صاحب کو ہم سے رابطے کی ہدایت کی ۔۔ عابد صاحب کا جنگ گروپ میں وہ پہلا روز تھا ۔۔ تاثر یہ جا رہا تھا کہ شاید ہم ان کے آنے کی وجہ سے جنگ چھوڑ رہے ہیں ۔۔ پہلے تو کانفرنس کال پر ریذیڈنٹ ایڈیٹر جمیل چشتی صاحب نے ہماری ان سے بات کرائی ۔۔ اور جب ہم اپنے فیصلے پر ڈٹے رہے تو عابد عبداللہ اگلے ہی روز ملتان پہنچ گئے ۔۔
آپ جنگ کیوں چھوڑ رہے ہیں ؟ یہ ان کا ہم سے پہلا سوال تھا ۔
’’ عابد صاحب آپ نے ہی تو کہا تھا کہ جنگ میں نہ جانا وہاں آپ کی شناخت ختم ہو جائے گی ۔۔ ہم نے اس وقت آپ کی بات پر توجہ نہ دی تھی اب ہم اپنی شناخت بنانے اور بہتر تنخواہ کے لیے جنگ سے کوچ کر رہے ہیں ۔۔‘‘
’’ تو گویا آپ نے ادارہ چھوڑ کر مجھے جنگ گروپ میں شمولیت پر سلامی دی ہے ‘‘
انہوں نے ہمارے ہاتھ پر ہاتھ مارتے ہوئے زور دار قہقہہ لگایا ۔۔
’’ اچھا سر آپ کی مرضی ۔۔ میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں ‘‘ ۔۔
یہ ان کے ساتھ ہماری آخری ملاقات اور آخری مکالمہ تھا بعد کے دنوں میں ان کے ساتھ ایک دو بار ہی فون پر بات ہوئی ملاقات دوبارہ نہ ہو سکی ۔۔
آج ان کی وفات کی خبر نے آزردہ کر دیا ۔۔ عابد عبداللہ نے اردو صحافت کو نئے اخبار بھی دیئے اور نئے رجحانات بھی ۔۔ ان کے کریڈٹ میں روزنامہ ایکسپریس ، جہان پاکستان سمیت کئی کامیاب پروجیکٹ تھے ۔۔ ایک سیلف میڈ اور انتھک محنت کرنے والے عابد عبداللہ ایک کامیاب اننگز کھیل کر رخصت ہو گئے ۔۔روزنامہ جنگ چھوڑتے ہوئے ہم نے نا دانستگی میں انہیں پہلی سلامی پیش کی آج انہوں نے یہ جہان چھوڑا تو ہم انہیں اس تحریر کے ذریعے آخری سلامی پیش کر رہے ہیں ۔۔ عابد عبداللہ صاحب رب سوہنڑے دے حوالے ۔۔

