اگر پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال کا غیر جانب دارانہ تجزیہ کیا جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ سیاسی بلوغت، سنجیدگی اور قومی و عالمی معاملات کی سمجھ بوجھ کے اعتبار سے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نمایاں دکھائی دیتی ہے۔ بلاشبہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) معاصر سیاسی منظرنامے کی مقبول ترین جماعتوں میں سے ایک ہے، لیکن اس مقبولیت کے پس منظر میں کئی ایسے عوامل بھی کارفرما ہیں جو اسے مستقل سیاسی کارکردگی کے بجائے کسی حد تک احتجاجی اور ہنگامی مقبولیت کا رنگ دیتے ہیں۔
اس کی ایک دلیل پی ٹی آئی کے دورِ حکومت کے آخری ایام کی کارکردگی اور عوامی ردعمل میں تلاش کی جا سکتی ہے۔ مجھے یاد ہے کہ اس دور کے آخری دنوں میں خود پی ٹی آئی کے ایک وزیر نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی جماعت عوام کے لیے کچھ نہیں کر سکی اور عوامی ناراضی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ لوگ ان کی قیادت کے مرنے کی دعائیں مانگتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ پھر آج پی ٹی آئی کی مقبولیت کی وجہ کیا ہے؟
اس کا سادہ جواب یہ ہے کہ موجودہ حکومت بھی عوامی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں بڑے سیاسی وژن کا فقدان اور مسلسل سیاسی شور شرابے نے عوام کو مایوس کیا ہے۔ مزید یہ کہ مسلم لیگ (ن) کی نسبتاً میچور قیادت، خصوصاً نواز شریف، کو فیصلہ سازی میں مکمل طور پر نظر انداز کیے جانے کے تاثر نے بھی حکومت کی سیاسی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔
اس تمام سیاسی منظرنامے میں اگر کسی رہنما نے سیاسی بلوغت، سنجیدگی اور قومی مفاہمت کا نسبتاً بہتر مظاہرہ کیا ہے تو وہ بلاول بھٹو زرداری ہیں۔ بطور وزیر خارجہ ان کی کارکردگی اور پاک بھارت کشیدگی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف پیش کرنے کی صلاحیت خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی رہنماؤں اور سفارتی حلقوں کو جس انداز میں پاکستان کا مقدمہ سمجھایا، اس سے ان کی سفارتی صلاحیت اور عالمی معاملات پر گرفت کا اندازہ ہوتا ہے۔ ان کی شخصیت میں موجود یہ سفارتی اعتماد انھیں عصرِ حاضر کے کئی عالمی سفارت کاروں کے ہم پلہ دکھاتا ہے۔
اس حوالے سے ان کی ایک دلیل خصوصی توجہ کی مستحق ہے۔ انھوں نے پاکستان کے امن پسند تشخص کو اجاگر کرتے ہوئے موہنجودڑو کے آثارِ قدیمہ کا حوالہ دیا۔ ان کا استدلال تھا کہ ہماری قدیم تہذیبی تاریخ میں عسکریت اور جنگی سازوسامان کے بجائے فنونِ لطیفہ اور تخلیقی اظہار کے آثار نمایاں ہیں۔ موہنجودڑو سے ملنے والی مشہور ’’ڈانسنگ گرل‘‘ کی مورتی اس تہذیبی مزاج کی علامت ہے۔ اس تاریخی حوالے کے ذریعے انھوں نے پاکستان کو ایک فطری طور پر امن پسند قوم کے طور پر پیش کیا۔ یہ محض ایک سفارتی بیان نہیں بلکہ بھارت کے الزامات کے جواب میں ایک تاریخی اور دانشورانہ استدلال تھا۔ اس سے بلاول کے تاریخی شعور، فکری وسعت اور سفارتی بصیرت کا اندازہ ہوتا ہے۔
ان کی قومی یکجہتی سے متعلق سوچ کا ایک خوب صورت اظہار سندھ میں شیخ ایاز کی ایک تقریب کے دوران بھی سامنے آیا، جہاں انھوں نے پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ سندھ تو بلھے شاہ، وارث شاہ اور علامہ اقبال کا نام لیتے ہیں، لیکن کیا پنجاب بھی کبھی شیخ ایاز کو اپنا شاعر سمجھ کر یاد کرتا ہے؟ اس ایک جملے میں قومی ہم آہنگی کا ایک بڑا فلسفہ پوشیدہ ہے۔ درحقیقت پاکستان کے تمام ادبی، علمی اور فکری مشاہیر پورے ملک کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔ کسی شاعر یا مفکر کو کسی ایک صوبے تک محدود کر دینا ہماری قومی شناخت کو محدود کرنے کے مترادف ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی فکر کا ایک اور مثبت پہلو انتہا پسندی، سیاسی انتقام اور ذاتی دشمنیوں سے گریز ہے۔ میڈیا ٹاکس ہوں یا قومی اسمبلی کا فلور، ان کے اظہارِ خیال میں عموماً ایک متوازن سیاسی لہجہ، دلیل اور تحمل دکھائی دیتا ہے۔ سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہ کرنا بھی سیاسی بلوغت کی علامت ہے۔
بلاشبہ کسی بھی سیاسی رہنما کی اصل آزمائش اقتدار، عوامی خدمت اور عملی کارکردگی سے ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کو بھی اپنی سیاسی بصیرت کو عملی عوامی خدمت میں تبدیل کرنا ہو گا۔ تاہم ان کی گفتگو، سفارتی کردار، تاریخی شعور اور قومی یکجہتی کے تصورات میں ایک ایسی سیاسی شخصیت کے خدوخال دکھائی دیتے ہیں جو مستقبل میں پاکستان کی قیادت کا اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
بلاول کی اس فکری و سیاسی تربیت میں ان کے خاندانی اور سیاسی ماحول کا بھی یقیناً اہم حصہ ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سیاسی وراثت نے انھیں ایک ایسے ماحول میں پروان چڑھایا جہاں سیاست محض اقتدار کا حصول نہیں بلکہ قومی شناخت، عوامی حقوق اور عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کا معاملہ بھی رہی ہے۔
میرا خیال ہے کہ پاکستان کی سیاست کو آج شور، جذباتی نعروں اور سیاسی محاذ آرائی کے بجائے دلیل، برداشت، تدبر اور وژن کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری میں ان اوصاف کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی سیاسی شخصیت کو محض ایک جماعت کے رہنما کے طور پر نہیں بلکہ پاکستان کی ممکنہ مستقبل کی قیادت کے تناظر میں بھی دیکھنا چاہیے
بلاشبہ ابھی انھیں اپنی صلاحیتوں کو عملی نتائج سے ثابت کرنا ہے، لیکن ان کی موجودہ سیاسی و فکری پختگی کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ:
ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات!

