بیجنگ : ایک معمر ماں نے جب شہر میں رہنے سے انکار کر دیا تو اس کے بچوں نے 430 زینوں پر مشتمل ایک پہاڑی گزرگاہ تعمیر کر دی۔
جی ہاں واقعی چین کے صوبے Zhejiang کے گاؤں یاننان میں 5 افراد نے 86 سالہ ماں کے لیے یہ راستہ تعمیر کیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں معمر خاتون کا نام تو نہیں بتایا گیا، مگر یہ ضرور بتایا گیا کہ معمر خاتون کے 3 بیٹوں اور 2 بیٹیوں نے ایسا کیا۔
معمر خاتون کی سب سے چھوٹی 58 سالہ بیٹی ہوانگ زاؤلین نے بتایا کہ وہ اور ان کے بہن بھائی کی پیدائش اور پرورش گاؤں کی پہاڑی کی چوٹی پر واقع گھر میں ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے والد کے انتقال کو دہائیاں گزر چکی ہیں اور وہ اپنی ماں کو اپنے ساتھ مختلف قصبوں میں لے جانا چاہتے تھے۔
مگر ان کی ماں نے پوری زندگی اس پہاڑی کی چوٹی پر گزاری تھی اور وہ شہری زندگی کو پسند نہیں کرتی تھیں۔
تو وہ اپنے بچوں کے ساتھ مختلف قصبوں میں گئی مگر ہمیشہ واپس آبائی گھر چلی گئیں۔
ان کے گھر تک جانے والا پرانا راستہ وقت کے ساتھ خراب ہوگیا جبکہ وہاں پر اکثر سانپ بھی نظر آتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ہوانگ زاؤلین اور ان کے بہن بھائی ماں کے تحفظ کے لیے فکرمند رہتے تھے۔
ہوانگ زاؤلین نے سب سے پہلے ماں کے لیے ایک نیا راستہ تیار کرنے کی تجویز پیش کی تھی اور شروع میں صرف ان کی بہن نے اس کی حمایت کی۔
مگر ہوانگ زاؤلین اس خیال پر ڈٹی رہیں اور بتدریج ان کے بھائی بھی تیار ہوگئے۔
انہوں نے اس منصوبے پر اگست 2026 میں کام شروع کیا اور پہاڑی کی جنوبی سمت میں نیا راستہ تعمیر کرنا شروع کیا، جسے برسوں سے کوئی استعمال نہیں کر رہا تھا۔
انہوں نے اس پر خود سرمایہ خرچ کیا اور مزدوروں کی خدمات حاصل کرنے کی بجائے تعمیراتی کام خود کیا۔
ہوانگ زاؤلین کو سامان کی خریداری کے ساتھ ساتھ اس جگہ کا روزانہ جائزہ لینے کی ذمے داری دی گئی۔
ان کے بھائیوں اور 2 کزن نے تعمیراتی کام کا ذمہ اٹھایا۔
ہوانگ زاؤلین کی بہن اور ان کے بہنوئی کھانا تیار کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی ٹولز کی دیکھ بھال کرتے۔
ان پانچوں کے بچے سامان کو ایک سے دوری جگہ منتقل کرنے اور ملبے کی صفائی کا کام کرتے۔
یہ نیا راستہ اکتوبر 2026 میں مکمل ہوا جبکہ اس پر کتنا خرچہ ہوا، یہ رپورٹ میں نہیں بتایا گیا۔
ہوانگ زاؤلین نے بتایا کہ یہ کوئی سیمنٹ سے بنے زینے نہیں بلکہ پہاڑی راستے کو تراش کر کنکریٹ شامل کیا گیا تاکہ زینے بن سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے مشکل کام پہاڑی کی چوٹی پر زینے تیار کرنا تھا جہاں ہم نے رسیوں سے لٹک کر یہ کام کیا۔
اسی طرح تعمیراتی سامان کو اوپر پہنچانا بھی بہت مشکل ثابت ہوا اور اس کے لیے ڈرون کو بھی استعمال کیا گیا۔
ہوانگ زاؤلین کے مطابق اس پورے کام کے دوران ان کے جسمانی وزن میں 3 کلوگرام کمی آئی جبکہ رنگت بھی دھوپ میں رہنے سے متاثر ہوئی۔
( بشکریہ : جیو نیوز )

