اسلام آباد : اےپی پی ۔۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ایڈرین ہیملٹن مانز کو قومی ایئرلائن کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایڈرین ہیملٹن مانز نے پیر کو اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
پی آئی اے کے اعلامیے کے مطابق ایڈرین ہیملٹن مانز کو عالمی ہوا بازی کی صنعت میں اعلیٰ انتظامی قیادت اور سٹریٹجک منصوبہ بندی کا تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ ماضی میں تین مختلف ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رہ چکے ہیں اور ایئرلائنز کی تنظیمِ نو، بحالی اور انہیں منافع بخش اداروں میں تبدیل کرنے کے شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں۔
قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ ان کی تقرری پی آئی اے میں جاری اصلاحات اور بحالی کے عمل کا ایک اہم مرحلہ ہے، جس سے ادارے کی کارکردگی، آپریشنز اور بین الاقوامی مسابقت میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری دسمبر 2025 میں مکمل ہوئی تھی، جب عارف حبیب کارپوریشن کی قیادت میں قائم ایک کنسورشیم نے 135 ارب روپے (48 کروڑ 20 لاکھ ڈالر) کے عوض ایئرلائن کے 75 فیصد حصص خرید لیے تھے۔
دوسری جانب نجکاری کے بعد پی آئی اے اپنے فضائی بیڑے کی جدید کاری بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ گذشتہ روز لیز پر حاصل کیا گیا جدید بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر لندن سے پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچا۔ یہ پاکستان کی کسی بھی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا بوئنگ 787-9 طیارہ ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کے بورڈ نے ایڈرین ہیملٹن مانز (Adrian Hamilton-Manns) کی قومی ایئرلائن کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر تقرری کا اعلان کیا تھا، انہوں نے آج سے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
مسٹر ایڈرین ہیملٹن مانز کو عالمی ہوا بازی کے شعبے میں اعلیٰ قیادت اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی کا وسیع تجربہ حاصل ہے، ان کی تقرری پی آئی اے کی جاری تبدیلی اور بحالی کے عمل میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
ایڈرین ہیملٹن پیشہ ورانہ تجربہ 30 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے، مسٹر ایڈرین ہیملٹن مانز کی بطور سی ای او ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر کنسورشیم اور پی آئی اے کی پوری انتظامیہ نے سبکدوش ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات کی قومی ایئرلائن کے لیے گراں قدر خدمات اور ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
( بشکریہ : ایکسپریس نیوز )

