اسلام آباد : سینیٹ اور قومی اسمبلی نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دیدی۔ پہلے قومی اسمبلی اور بعد ازاں سینیٹ کی جانب سے یہ منظوری دی گئی
بدھ کے روز پاکستان کی قومی اسمبلی نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی ہے۔
اس موقع پر حزبِ اختلاف کی جانب سے سے گورنر راج نا منظور کے نعرے لگائے گئے۔
قومی اسمبلی سے منظور شدہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 232 کی شق کے تحت 11 اکتوبر 2026 کو صدر مملکت کی جانب سے صوبہ خیبر پختونخوا میں ہنگامی حالت کے اعلان کو قومی اسمبلی منظور کرتی ہے۔
قرارداد کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 16 اکتوبر بروز جمعہ دن 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے بعد پارلیمان کے ایوانِ بالا سینیٹ نے بھی خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق سینیٹ میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کی قرارداد پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چوہدی نے پیش کی جسے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔
بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح 10:30 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
اس سے قبل قومی اسمبلی نے تقریباً چار گھنٹے کی بحث کے بعد خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی قراردار منظور کی تھی۔
( بشکریہ : بی بی سی )

