گلگت : پاکستان میں دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں شمار ہونے والی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد معروف نیپالی کوہ پیما نرمل پُرجا کی قیادت میں 10 بین الاقوامی کوہ پیما لاپتہ ہو گئے ہیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے نائب صدر کرار حیدری نے جمعرات کی رات ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برفانی تودہ کوہ پیماؤں کی ٹیم پر آ گرا، جس کے بعد سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
حیدری کے مطابق اس مہم میں پانچ نیپالی کوہ پیما، ہنزہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل ثاقب، عمانی خاتون کوہ پیما نثیرہ، امریکی کوہ پیما میلوری گائس، وانگ نامی چینی کوہ پیما اور ایک دیگر غیر ملکی کوہ پیما شامل ہیں۔
الپائن کلب کے صدر میجر جنرل عرفان ارشد اور کلب کی اعلیٰ قیادت فوری تلاش اور امدادی کارروائی کو ممکن بنانے کے لیے حکومتی حکام سے رابطے میں ہیں۔
کلب کے مطابق موسم اور آپریشنل حالات کے پیش نظر ہیلی کاپٹروں اور دیگر امدادی وسائل کو جلد از جلد متحرک کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
الپائن کلب کے مطابق نرمل پُرجا، جو ’نمز ڈائی‘ کے نام سے بھی معروف ہیں، نیپالی نژاد برطانوی شہری ہیں۔ انہوں نے 2019 میں دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں کو صرف 189 دنوں میں سر کر کے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ بعد ازاں 2023 میں ناروے کی ایک خاتون کوہ پیما اور ان کے نیپالی شیرپا گائیڈ نے یہ ریکارڈ توڑ دیا۔
قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع 8,047 میٹر (26,401 فٹ) بلند براڈ پیک دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی ہے۔ پاکستان میں کئی بلند و بالا چوٹیاں موجود ہیں اور ہر سال دنیا بھر سے کوہ پیما انہیں سر کرنے کی کوشش کے لیے یہاں آتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ’الپائن کلب آف پاکستان صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔‘
کلب نے مزید کہا کہ وہ لاپتا کوہ پیماؤں کے اہل خانہ اور عالمی کوہ پیمائی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی )
پیر, ستمبر 14, 2026
تازہ خبریں:
- عوام سے لیڈروں کی دور ی کسی طوفان کا پیش خیمہ بنے گی : سید مجاہد علی کا تجزیہ
- موٹر سائیکل ، رکشا، 800 سی سی تک گاڑیوں کیلیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف
- ایران، امریکہ جنگ کےشعلے : چین چَین کی بنسری کیوں بجا رہا ہے ۔۔۔ ڈاکٹر سید علمدار حسین بخاری کا تجزیہ (1)
- اِس شہر کے کتنے روپ ہیں؟ ۔۔ یاسر پیرزادہ کا مکمل کالم
- دنیا میں امریکہ کا متبادل موجود نہیں : سید مجاہد علی کا تجزیہ
- نائن الیون کی 25 ویں برسی : امریکہ کٹہرے میں کھڑا ہے ۔۔ سید مجاہد علی کا کالم
- رضا اللہ کی مزاحمت کے باوجود ایجبسٹن ٹیسٹ میں شکست: انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ
- کلثوم نواز شریف کی آٹھویں برسی خاموشی سے گزر گئی : کوئی قابلِ ذکر تقریب نہ ہوئی
- پشاور: دو خواتین کے گینگ ریپ کے چار ملزمان ’جائے وقوعہ کی نشاندہی‘ کے دوران کیسے ہلاک ہوئے؟
- دھرنوں کے مقابل ریاست کی موٹی کھال : نصرت جاوید کا کالم

