کوہلو : بلوچستان کے ضلع کوہلو میں چمالانگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 مقامی مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں سات افغان باشندے بھی شامل ہیں۔
بلوچستان پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو اُوسڑی تھانے کی حدود میں واقع ہوستی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مزدوروں کو لے جانے والی دو پک اپ گاڑیوں پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے مزدور چمالانگ کول پروجیکٹ میں کام کرنے والی ایک مقامی مائننگ کمپنی سے وابستہ تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزدور روزانہ کی طرح کام پر جا رہے تھے جب ان کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سرکاری بیان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام 11 مزدوروں کی لاشیں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
چمالانگ میں مقامی کمیٹی کے چیئرمین محمد نبی کاکڑ نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ یہ تمام مزدور دو مختلف مسافروں والی ’پک اپ‘ گاڑیوں پر سوار تھے۔ ان کے مطابق یہ حادثہ چمالانگ سے تقریباً 13 کلومیٹر دور پیش آیا۔
اس کان کے ٹھیکیدار حاجی عبدالمتین کاکڑ نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ان مزدوروں کو گاڑی سے اتار کر فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔ ان کے مطابق ان 11 مزدوروں میں سے سات کا تعلق افغانستان کے علاقے وردگ سے تھا۔
عبدالمتین کاکڑ کے مطابق یہ مزدور تقریباً چھ ماہ بعد چھٹی پر اپنے گھر جا رہے تھے۔ ’ان میں سے ایک افغان مزدور کی چھ ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی۔‘
( بشکریہ : بی بی سی )

