لندن اور لاہور ایک دوسرے سےسات سمندر پار اور جغرافیائی طور پر ہزاروں میل دور ہیں مگر لندن میں ایک شخص جو مجسم لاہور تھا وہ چند دن پہلے اس دنیا سے رخصت ہوا تو یوں لگا کہ لندن میں لاہور کی وفات ہوگئی ہے۔ یہ منحنی سی شخصیت برطانیہ گئی تو تھی چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ کی تعلیم حاصل کرنے مگر وہاں انہوں نے بزنس میں قدم رکھا اورکامیابی حاصل کی۔ ایک زمانے میں صرف انکے لندن میں20اسٹور چلاکرتے تھے عمر بڑھی تو اسٹورز کا بزنس محدود کردیا مگر سینٹرل لندن کی بیکر اسٹریٹ پر واقع ممتاز( محل) ریسٹورنٹ کی ملکیت ترک نہ کی اور اسے برصغیر کے ایک ثقافتی ورثے کی حیثیت سے سجائے بنائے رکھا۔ اس ریسٹورنٹ کوکبھی پذیرائی رہی اور کبھی گاہکوں کی بے اعتنائی بھی ملی لیکن بوڑھے مالک نے اس قیمتی ہاتھی کی مغلیہ خاندان کی طرح حفاظت کی اور اسے مسلسل کسی نہ کسی طرح چلاتا رہا یہ ریستوران نہیں بلکہ بر صغیر کی ثقافتی علامت تھا پاکستان کی شناخت تھا اور بالخصوص لندن جانے والے لہوریوں(لاہوریوں) کا لازمی اسٹاپ تھا۔
منور حیات1938ء میں لاہور میں پیدا ہوئے اور88سال کی عمر میں لندن میں وفات پائی وہ کم آمیز تھے مگر لاہور ان کی سانسوں میں بستا تھا ۔انہیں پتہ چلتا کہ لندن میں کوئی پاکستانی اور بالخصوص لاہوری آیا ہے تو وہ اسے اپنے پاس ضرور مدعو کرتے، لاہور کی باتیں سنتے، لاہور کے بارے میں سوال کرتے۔ جب تک لاہور کی باتیں ہوتیں انکے چہرے پرطمانیت کا جذبہ صاف نظر آتا رہتا ۔منور حیات کی لاہور سے محبت عام الفتوں کی طرح نہیںتھی، منور حیات کئی دہائیوں سے لاہور نہیں آئے تھے انہیں اپنی لیلیٰ کو بار بار دیکھنے کی ضرورت ہی نہ تھی مجنوں کواس سے کیا غرض کہ لاہور میں بائی پاس بن گئے، پھولوں کی کیاریاں بہار دکھاتی ہیں یا نئی سڑکوں کے جال بچھ گئے ہیں ان کی لیلائے لاہور تو بنابنےسنورے بھی انکی محبوبہ تھی، انہیں بناؤ سنگھار سے نہیں لاہور کی روح سے پیار تھا۔ رانجھے کوہیر کا حسن تو اچھا لگا ہی ہوگا مگر رانجھے کی لگن ہیر کے ساتھ صرف جینے کی نہیں ساتھ مرنے کی بھی تھی ،ہیر رانجھا کی کہانی اس لئے بھلائی نہیں جاسکتی کہ عارضی حسن سے دائمی زندگی کے سفر تک کہانی ساتھ ساتھ چلتی ہے ۔
منور حیات گھنٹوں لاہور کی باتیں کرسکتے تھے وہ لندن کے متمول افراد میں شامل تھے۔ غلام مصطفیٰ جتوئی جیسے بڑے نام ان کے مستقل دوستوں میں شامل تھے مگر وہ میرے جیسے عامیوں اور کرکٹ کے بڑے کھلاڑیوں کو یکساں محبت کے جذبے سےاپنے پاس مدعو کرتے تھے۔ بالخصوص صحافیوں کے تو وہ عاشق تھے منور حیات جب ملتے تو انکے چہرے پر مسکراہٹ ، سرخی کے ڈورے اور بڑھاپے میں بجلی کی سی سرعت آجاتی۔
منور حیات کو صرف بزنس مین یا ایک امیر آدمی سمجھنا، ان کا درست تعارف نہیں ،ان کی سب سے بڑی خوبی تو انکی انکساری تھی اور یہ انکساری ان کے مطالعے کے شوق سے جڑی تھی ،انہیں لاہور کے میوے، خطائیوں اور مٹھائیوں کا شوق تو تھا مگر وہ اردو میں چھپنے والی کتابیں خاص طور پر پاکستان سے منگواتے رہتے۔ انہیں پاکستان میں سیاست اور معاشرت میں ہونے والی تبدیلیوں کی ان کتابوں کے ذریعےمسلسل آگاہی رہتی تھی، ان سے جب بھی ملاقات ہوئی انہیں پاکستانی سیاست اور حالات حاضرہ کے بارے میں مکمل باخبر پایا۔
منور حیات ایک جیتے جاگتے شخص تو تھےہی مگر میری عاجزانہ رائے میں وہ ایک استعارہ تھا ،لاہور کا استعارہ۔ وہ عمر کا زیادہ تر حصہ رہے تو لندن میں مگر ان کے اندر ایک پورا لاہورآباد تھا جس طرح دلی کی کہانی غالبؔ اور میر تقی میر ؔکے ذکر کے بغیر ادھوری ہے، اس عاجز کیلئے تو منور حیات کی وفات سے لندن میں "میرا لاہور” وفات پاگیا ہے۔ منور حیات نہ ادیب تھےنہ شاعر اور نہ ہی کوئی مشہور ومعروف آدمی مگر جس طرح قاہرہ کوادب میں نجیب محفوظ، استنبول کو اورہان پاموک ، ڈبلن کو جیمز جوائس اور لندن کو ورڈزورتھ اور جان ملٹن کے سوا تصور میں لانا مشکل ہے لنڈنر( لندن والوں) کو اب اپنے شہر میں مجسم لاہور نہیں ملے گا کیوکہ لندن میں بیٹھا لاہور کا یہ عاشق اب آسودہ خاک ہوچکا۔
اب تک کی دستیاب تاریخ میں ہومیو سیپینز وہ پہلی نسل ہے جس نے شہر اور گاؤں بسائے۔ شہر اپنی تاریخ، ثقافت، رسم ورواج اور ماحول سے پہچانے جاتے ہیں جو شہر جتنا قدیم ہوتا ہے اتنی ہی اسکی روایات واضح اور پختہ ہوتی ہیں، قدیم ترین شہروں میں نمایاں مقام عبادت خانوں اور عشرت گاہوں کا ہی رہا ہے۔ تمام بڑے شہر جن کی ہزار سال پرانی تاریخ ہے وہاں مسجد، مندر اور عبادت گاہیں ضرور ہونگی مگر ان بڑے شہروں میں خال ہی کوئی ایسا بھی ہوگا جہاں بازار حسن یاRed Light Areaنہ ہو۔ نسبتاً نئے شہروںمیں اب انسان کی نیکیوں اور گناہوں کیلئے ٹھکانوں کا خیال نہیں رکھا جاتااس لیے یہ شہرثقافتی روح سے خالی رہتے ہیں۔شہرجتنا پرانا ہوتا ہے اتنا ہی اسکی مذہبی ، علمی اور ثقافتی روایت گہری ہوتی ہے اسی لئے توکہا جاتا ہے کہ ’’ روم ایک دن میں تعمیرنہیں ہوا تھا‘‘ ۔ماجد صدیقی کا ایک مشہور مصرعہ ہے ’’ بستے بستے بس ہی جائے گی یہ بستی ایک دن‘‘ شہر ایک لمحے میں نہیں بستے انہیں بسنے میں صدیاں لگتی ہیں۔ اینٹ اور پتھرسے مکان تو بن جاتے ہیں، بجری اور تارکول سے سڑکیں بھی بن جاتی ہیں مگر شہر انسانوں، روایتوں،رشتوں اور تہذیبوں کے اختلاط سے رفتہ رفتہ آباد ہوتے ہیں۔ لاہور بھی صدیوں میں ایسے ہی آباد ہوا ہے۔ ایرانیوں، افغانیوں، یوریشنز Eurasians اور مقامی نسلوں، رواجوں اورمزاجوں سے بھرپور شہر لاہور کو اگر منور حیات برسوں لندن میں رہنے کے باوجود نہ بھلا سکےتو اسکی وجہ وہ لاہوری رنگ تھا جو لاہور میں رہنے والے ہر لہوری پر چڑھ جاتا ہے ۔منور حیات جب تک سانس لیتے رہے لاہورکو مسلسل یاد کرتے رہے۔ مجھے کامل یقین ہے کہ منور حیات نے جب آخری بار اپنی آنکھیں موندھی ہونگی تو خواب وخیال میں انکے محبوب لاہور کی تصویر ضرورآئی ہوگی۔
علامہ اقبال سیالکوٹ میں پیدا ہوئے مگر لاہور میں ایسا دل لگایا کہ ترکی وایران میں اقبال لاہوری کے نام سے جانے اور پہچانے جاتے ہیں۔ علامہ اقبال نے اندلس میں عرب مسلم حکومت کے حکمران عبدالرحمن اول کی طرف سے نئے وطن میں کھجور کا پودا کاشت کرنے کو منظوم کیا ہے منور حیات لاہور کے درختوں، پھولوں اور ہواؤں پر کوئی نظم یا غزل تو تخلیق نہ کرسکے مگر وہ خود لاہور کی مجسم غزل اور نظم تھے۔ کہتے ہیں’’ جس نے لاہور نہیں دیکھا وہ پیدا ہی نہیں ہوا‘‘ میرے خیال میں’ جس نے ایک دفعہ لاہور میں رہ لیا ، ساری زندگی لاہور اس سےنکل نہیں پاتا‘‘۔ پرانے لاہوریے "ر”کو”ڑ "بولتے تھے لاہور کو لہوڑ کہتے جیسے پرانے گجرایتے "ج” کو” ز "بولتے اور گجرات کو گذرات کہہ کریاد کرتے تھے۔سرگودھا میں شاہ پوری لہجے میں پنجابی بولی جاتی ہے تو سیالکوٹی لہرا کر پنجابی بولتے ہیں،” اجے نئیں آیا” کو” ازے نئیں آیا "کہتے ہیں۔ الفاظ کا استعمال لہجوں کا تنوع، نشست وبرخاست، ادب وآداب کے طور طریقے، خوراک کی متنوع تراکیب ہر علاقے کی اپنی مخصوص مٹھائی یا سویٹ ڈش اور ہر شہر یا علاقے کے لباس، ڈیزائن اور فیشن میں نئے نئے رنگ وہ حسن ہے جو ہم اپنے ساتھ لئے پھرتے ہیں ہم کسی کواپنا تعارف نہ بھی کروائیں توہمارے لہجے، ہمارے الفاظ کی ادائیگی اور ہمارے انداز و اطوار، ہماری علاقائی شناخت کی چغلی کھارہے ہوتے ہیں۔ اگر اسی تنوع کو فخر و انبساط اور اطمنان کا ذریعہ بنا لیا جائے تو انسان منور حیات بن جاتا ہے، وہ زندہ رہتا ہے تو لندن میں لاہور بسائے رکھتا ہے، دنیا سے جاتا ہے تو لاہور کی خوشبو لندن کی فضاؤں میں بکھیر جاتا ہے…
( بشکریہ : روزنامہ جنگ )

