وسط مدتی انتخابات میں ری پبلیکین پارٹی کی تاریخی ناکامی کے بعد یہ اندیشہ موجود تھا کہ صدر ٹرمپ ایران پر ایک اور بھرپور حملہ کریں گے۔ تاہم اب انہوں نے اس امکان کو مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب مزید حملوں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ دیگر امریکی عہدیدار بھی یہ عندیہ دے رہے ہیں کہ امریکہ ایران پر معاشی پابندیوں کے ذریعے اپنے اہداف حاصل کرلے گا۔
ایران کے ساتھ امریکی جنگ بنیادی طور پر ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرانے کے لیے شروع کی گئی تھی لیکن اس واضح اعلان کے درپردہ ا،مریکہ اور اسرائیل یہ چاہتے تھے کہ کسی طرح ایران میں انقلابی حکومت کا تختہ الٹ دیاجائے تاکہ تہران میں امریکہ نواز حکومت قائم ہوسکے۔ اسی لیے فروری کے آخر میں ایران پر اچانک حملے کے پہلے ہی دور میں روحانی پیشوا علی خامنہ ای کے علاوہ متعدد عسکری و سول لیڈر مار دیے گئے تھے۔ البتہ ایران نے شدید مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور امریکہ کو مجبور ہوکر ایران کے ساتھ معاہدہ کے لیے بات چیت کا آغاز کرنا پڑا۔ پاکستان کی کوششوں سے دونوں ملکوں نے 18 جون کو ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جس کے تحت فوری جنگ بندی کے علاوہ ایک طویل المدت امن معاہدہ کے لیے بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ البتہ یہ جنگ بندی زیادہ مدت تک نہیں چلی اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں کے بعد امریکہ نے بھی ایرانی ٹھکانوں پر بمباری کی۔ البتہ یہ جنگ زیادہ نہیں پھیلی۔ دونوں ملکوں میں براہ راست جھڑپوں کا سلسلہ تو رک گیا لیکن امریکہ نے ایران کا سمندری بلاکیڈ سخت کردیا اور ایران نے آبنائے ہرمز سے بحری ٹریفک کو مکمل طور سے روکنے کی کوششیں جاری رکھیں۔
گزشتہ چار ماہ کے دوران قطر اور پاکستان کی کوششوں سے دونوں ملکوں میں بالواسطہ پیغامات کا سلسلہ جاری رہا تاہم جنگ ختم کرنے کے کسی میکنزم پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ ایران کسی معاہدے کے لیے امریکی بلاکیڈ کے خاتمے اور منجمد اثاثوں کی ترسیل کے حوالے سے اقدامات کے بعد آبنائے ہرمز کھولنے کی پیشکش کرچکا ہے ۔ جبکہ امریکہ کا مطالبہ رہا ہے کہ کہ پہلے آبنائے ہرمز کھولی جائے اس کے بعد بلاکیڈ ختم کیا جائے گا۔ اس دوران 3 نومبر کو ہونے والے امریکی مڈ ٹرم انتخابات کے پیش نظر یہ قیاس کیاجاتا رہا ہے کہ ایران ان انتخابات سے پہلے جنگ بندی پر اتفاق نہیں کرے گا کیوں کہ اس کا فائدہ صدر ٹرمپ کی ری پبلیکن پارٹی کو ہوسکتا ہے۔ البتہ ان انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی شاندار کامیابی کے باوجود یہ اندیشہ موجود تھا کہ انتخابات میں شکست کا غصہ نکالنے کے لیے صدر ٹرمپ کہیں ایران پر ایک بار پھر حملوں کا آغاز نہ کردیں۔ دوبارہ جنگ امریکی معیشت کے علاوہ دنیا بھر کے ممالک کی مشکلات میں اضافہ کرسکتی ہے اور ایران کو ایک غیر متوقع تباہی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ دنوں دوبارہ حملے کرنے کا اشارہ بھی دیا تھا۔ البتہ امریکی انتخابات میں ناکامی کے دباؤ کے علاوہ اسرائیل میں نیتن یاہو کی ناکامی اور اب صدر کی طرف سے مخالف پارٹی کے سربراہ آئزنکوٹ کو حکومت سازی کی دعوت ملنے کے بعد امریکی حکام کو اپنے تمام آپشنز پر از سر نو غور کرنے کی ضرورت تھی۔ نئی اسرائیلی حکومت ایران کے ساتھ جنگ جاری رکھنے میں ویسے پرجوش نہیں ہوگی جیسا کہ نیتن یاہو اس جنگ کو اپنی سیاسی کامیابی کے لیے ضروری سمجھتے رہے ہیں۔ آئزنکوٹ کی حکومت 7 اکتوبر 2023 میں حماس کے حملوں کو روکنے میں ناکامی کے معاملہ کی تحقیقات کرکے ان کمزوریوں کا احاطہ کرنا چاہے گی جن کی وجہ سے ان حملوں کے مقابلے میں اسرائیلی دفاع ناکام ہوگیا تھا۔ اور پیشگی اطلاع ملنے کے باوجود نیتن یاہو کی حکومت ان حملوں کو نہ روک سکی جن میں 1200 اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے تھے۔
امریکہ میں بھی عوام ایران جنگ کے خلاف ہیں۔ اب تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران جنگ کو ری پبلیکن پارٹی کی انتخابی ناکامی کی وجہ کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ عوام کا خیال ہے کہ انہیں اچانک مہنگائی کے جس طوفان کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس کی بنیادی وجہ ایران کے ساتھ چھیڑی گئی غیر ضروری اور مہنگی جنگ ہے۔ امریکہ کے تمام حلیف بھی اس جنگ کو ختم کرنے کا مشورہ دیتے رہے ہیں۔ یورپی ممالک شروع سے ہی اس جنگ کے خلاف تھے اور کوئی یورپی ملک براہ راست اس میں شریک نہیں ہؤا۔ اسی طرح عرب ممالک کو امریکی جنگ کی وجہ سے ایران کے میزائل و ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں اندیشہ رہا ہے کہ یہ جنگ جاری رہنے کی صورت میں ایران مسلسل ہمسایہ عرب ممالک کو ہی نشانہ بنائے گا۔ پاکستان جیسے ممالک تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شدید متاثر ہیں ۔ ان کے مفاد میں ہے کہ جنگ کسی بھی طرح ختم ہوجائے۔ البتہ ناقابل اعتبار مزاج کے مالک ڈونلڈ ٹرمپ سے کسی بھی فیصلہ کی توقع کی جاسکتی ہے۔ اسی لیے وسط مدتی انتخابات کے بعد بے یقینی برقرار رہی ہے۔ البتہ اب صدر ٹرمپ نے سی این این کو ایک انٹرویو میں اعلان کیا ہے کہ ’اس (جنگ) کی ضرورت پڑنے کا امکان بہت کم ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو میں ایسا کروں گا۔ لیکن ہم نے انہیں بہت سختی سے نشانہ بنایا ہے۔ میں نے انہیں بہت زور سے مارا ہے۔ آپ نہیں جانتے کہ میں نے انہیں کتنا زور سے مارا ہے‘۔ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کا کوئی بھی فیصلہ اس بات پر منحصر ہے کہ آیا وہ کسی بہت مضبوط معاہدے پر دستخط کرتے ہیں یا نہیں۔
اگرچہ ایک طرف امریکی صدر اپنی یک طرفہ کامیابی کے دعوے کررہے ہیں تو دوسری طرف ایران کو بھی ایساہی گمان ہے کہ اس نے امریکہ کو جنگ کے قابل نہیں چھوڑا اور آبنائے ہرمز بند کرکے عالمی معیشت کو یرغمال بنایا ہؤا ہے۔ ایرانی لیڈروں کا خیال ہے کہ وہ اس ’ہتھیار‘ کے ذریعے امریکہ کو ناکوں چنے چبوا سکتے ہیں۔ دوسری طرف امریکہ سے اگرچہ دوبارہ جنگ شروع نہ کرنے کے اشارے دیے جارہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں سخت کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ سینٹ کام نے گزشتہ دنوں ایران کو ہتھیاروں اور دیگر ساز و سامان کے تمام راستوں کی نگرانی اور انہیں ناکارہ بنانے کی مہم شروع کرتے ہوئے ایک نئی ٹاسک فورس ’آئرن گیٹ‘ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ ایرانی بندرگاہوں کا بلاکیڈ بھی مؤثر طور سے جاری ہے۔ ایران کے نقطہ نظر سے اس وقت تک حالات معمول پر نہیں آئیں گے جب تک اس کا بحری بلاکیڈ ختم نہ ہو اور وہ عالمی منڈیوں میں آزادی سے اپنا تیل فروخت نہ کرسکے۔ ایران کی تباہ حال معیشت کو اس وقت وسائل کی شدید ضرورت ہے۔ لیکن یہ مقصد جنگ بندی کے علاوہ طویل المدت امن معاہدہ کے بغیر حل نہیں ہوسکتا۔ اسی طرح صدر ٹرمپ کے اعلان کے باوجود یہ یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ ان کا یہ فیصلہ حتمی ہے۔ وہ کسی بھی لمحے رائے تبدیل کرسکتے ہیں۔
یہ صورت حال امریکہ کے لیے بھی آسان نہیں ہے اور اس پر کثیر وسائل بھی صرف ہوں گے۔ لیکن دوسری طرف بلاکیڈ اور معاشی پابندیوں کی وجہ سے تہران کے لیے جنگ نہ ہونے کے باوجود حالات قابل تحسین نہیں ہوں گے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف مزید بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کی ضرورت نہیں۔ تاہم ایرانی حکومت پر معاشی دباؤ مزید سخت کیا جائے گا۔پیرس میں گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کی رجیم خود ہی اپنے ملک کو تباہ کر رہی ہے۔ ایران کے خلاف معاشی دباؤ کی حکمت عملی کامیاب ہو رہی ہے اور بحری ناکہ بندی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ مارکو روبیو کے بیان کو اگر مبالغہ آمیزی بھی قرار دیا جائے تو بھی معروضی حالات میں موجود صورت حال ایران کے مفاد میں نہیں ہے۔ اسے بہر صورت امریکہ کے ساتھ تنازعہ ختم کرنے کے لیے کسی معاہدے کااہتمام کرنا چاہئے تاکہ جنگ کا اندیشہ ختم ہو اور اقتصادی پابندیاں نرم ہونے سے ایرانی عوام کے لیے سہولتیں فراہم ہوسکیں۔
موجودہ حالات جاری رہنے کا ایک منفی پہلو یہ بھی ہے کہ امریکہ اس دوران اپنے اسلحہ خانے میں اضافہ کرے گا اور جنگ کے دوران ہتھیاروں، میزائل شکن نظام اور دیگر آلات کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔ چند ماہ بعد امریکہ ،ایران پر شدید اور تباہ کن حملہ کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہوگا۔ ایران کا مفاد اسی میں مضمر ہے کہ وہ امریکہ کو اس تیاری کا موقع نہ دے اور ثالث ممالک کے ذریعے کسی معاہدے کا اہتمام کیا جائے۔
( بشکریہ : کاروان ۔۔ ناروے )

