Close Menu
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
Facebook X (Twitter)
اتوار, ستمبر 13, 2026
  • پالیسی
  • رابطہ
Facebook X (Twitter) YouTube
GirdopeshGirdopesh
تازہ خبریں:
  • نائن الیون کی 25 ویں برسی : امریکہ کٹہرے میں کھڑا ہے ۔۔ سید مجاہد علی کا کالم
  • رضا اللہ کی مزاحمت کے باوجود ایجبسٹن ٹیسٹ میں شکست: انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ
  • کلثوم نواز شریف کی آٹھویں برسی خاموشی سے گزر گئی : کوئی قابلِ ذکر تقریب نہ ہوئی
  • پشاور: دو خواتین کے گینگ ریپ کے چار ملزمان ’جائے وقوعہ کی نشاندہی‘ کے دوران کیسے ہلاک ہوئے؟
  • دھرنوں کے مقابل ریاست کی موٹی کھال : نصرت جاوید کا کالم
  • حکومت نے پیٹرول 3 روپے اور ڈیزل مزید 5 روپے لیٹر مہنگا کر دیا
  • پیٹرول اصل قیمت سے 133 روپے اور ڈیزل 122 روپے مہنگا
  • موت منڈی کے خوشیا : وجاہت مسعود کا کالم
  • مخصوص نشستوں پر چناؤ براہِ راست الیکشن سے ہونا چاہیے : شہزاد عمران خان کا کالم
  • پاکستان میں نئے صوبوں کا تنازعہ ؛ سید مجاہد علی کا تجزیہ
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
GirdopeshGirdopesh
You are at:Home » وجاہت مسعودکا کالم:بے نامی شب عبور کے پڑاؤ میں الاؤ
لکھاری

وجاہت مسعودکا کالم:بے نامی شب عبور کے پڑاؤ میں الاؤ

ایڈیٹراکتوبر 14, 20234 Views
Facebook Twitter WhatsApp Email
columns wajahat masood
Share
Facebook Twitter WhatsApp Email

پون صدی بیت گئی۔ طبع آشفتہ نے انداز شکیبائی نہیں سیکھے۔ پرانی بستیوں سے نکل کر نئے نگر کے لیے عازم سفر ہوئے تو تیز ہوائو ں میں ایک خیال کا دیا جلتی بجھتی لو دے رہا تھا کہ تاحد نظر پاپیادہ، بیل گاڑیوں اور رکتی کٹتی ریل گاڑیوں پر آگے بڑھتا یہ قافلہ جہاں لنگر ڈالے گا وہاں جینے اور مرنے کا کوئی دستور تو ہو گا۔ اس خواب کی تعبیر میں 54ء اور 71ء والے دستور تو سانس ہی نہیں لے پائے۔ 56ء کے دستور کو دفتر بے معنی قرار دے کر کھڑکی سے باہر اچھال دیا گیا۔ ایک دستور ایسا بھی نصیب ہوا جو نکلا تو منظور قادر کی کلک رواں سے تھا لیکن سر عبدالقادر کے صاحبزادے کی قانونی ژرف نگاہی اور انگریزی زبان میں لاطینی ٹکڑے ٹانکنے کی مہارت کے پس پشت ایوب خان اور ان کے حواریوں کی شگفتہ بیانی کارفرما تھی۔ یہ تو آپ جانتے ہیں کہ خسروان وقت رعایا کا زن بچہ کولہو کرنے کا حکم بھی دیں تو مفتوحہ آبادیوں میں صاحب اقتدار کا دشنام بھی سرکاری پرچہ نویسوں کی زبان میں بادشاہ سلامت کی جود و سخا کا عنوان پاتا ہے۔ اسے محض داستان سرائی نہ سمجھئے۔ منظور قادر اور ملک غلام جیلانی قدیمی دوست تھے۔ 62 ء کے آئین کے بارے میں ان کا ایک مکالمہ درویش کے حافظے کا حصہ ہے جسے دہرانا ’قومی مفاد‘ کے منافی ہے۔ بات یہ ہے کہ ایک دستور ہوتا ہے اور ایک پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ ہوتا ہے۔ دستور کا مآل ہم نے بارہا دیکھا، پریکٹس اینڈ پروسیجر کا عدالت عظمیٰ کے حالیہ فیصلے سے تعلق نہیں۔ اس مملکت میں پریکٹس دراصل وہ ڈنڈا ہے جسے حالت اشتعال میں بریگیڈیئر امتیاز یا چوہدری محمد سردار کے پیٹ میں چبھویا جاتا ہے۔ پروسیجر کی مشق ہم 1945 سے دیکھ رہے ہیں۔ لمحہ موجود کے کامیاب پریکٹیشنر فیصل وائوڈا، فردوس عاشق اعوان اور فیاض الحسن چوہان ہیں۔ انتظار حسین کا ناول ’بستی‘ اس جملے پر ختم ہوتا ہے۔ ’یہ بشارت کا وقت ہے‘۔ 1980 میں شائع ہونے والے اس ناول پر 44 برس گزر گئے۔ اب بشارت کا وقت گزر چکا۔ ہم ایک بے نامی شب عبور کے جنگل سے گزر رہے ہیں۔ اندھیری رات میں گری پڑی لکڑیوں سے الائو سلگائے پچیس کروڑ مسافر باہم سرگوشیاں کر رہے ہیں۔ جمہوریت کی چاندنی پر بے خبری کی دھند چھا جائے تو اجتماعی مکالمہ سرگوشی میں بدل جاتا ہے۔ جو ہو چکا، اس کا ملال لاحاصل ہے اور آئندہ کی خبر محض قیاس ہے اور قیاس بھی ایسا کہ ’قیاس کن ز گلستان من بہار مرا‘۔ کالم خبر نہیں دیتا، خبر کا تجزیہ پیش کرتا ہے اور یہ تجزیہ دستور اور قانون میں دیے گئے خطوط کے مطابق ہوتا ہے۔ سازش، جرم اور حادثے کی بعد از وقوعہ تحقیق تو ہو سکتی ہے، پیش بینی ممکن نہیں۔ تو آج سیاست کا دفتر لپیٹ کر شعر کی دنیا میں چلتے ہیں۔
شعر کی دنیا میں کمال ہنر اور واردات درو ں کا دو آتشہ جادو اپنی جگہ لیکن قبول عام کی دولت ایک تیسری سمت ہے۔ اس کا اندازہ نیاز و ناز سے ہوتا نہیں۔ چار شاعر ہماری روایت میں عجیب گزرے ہیں۔ آغا حشر، محمد علی جوہر، اختر شیرانی اور چراغ حسن حسرت۔ بظاہر روایتی مضامین، رواں دواں بحریں مگر تاثیر ایسی ہے کہ شعری نقد کے آلات کام نہیں دیتے۔ آغا حشر کا شعر دیکھئے۔ گو حرم کے راستے سے وہ پہنچ گئے خدا تک / تری رہ گزر سے جاتے تو کچھ اور بات ہوتی۔ حرم کا لفظ غالب سے اقبال تک سب نے برت رکھا ہے مگر یہاں ’رہ گزر‘ کی نشست نے شعر میں شرارے بھر دیے۔ محمد علی جوہر کی صحافت اور سیاست نے ان کی شاعری دھندلا کے رکھ دی مگر شعر دیکھئے۔ ہے یہاں نام عشق کا لینا/ اپنے پیچھے بلا لگا لینا۔ بلا کا یہ استعمال خدائے سخن نے بھی کر رکھا ہے۔ جن بلائوں کو میر سنتے تھے / ان کو اس روزگار میں دیکھا۔ میر تقی سے کیا تقابل لیکن محمد علی جوہر نے بلا کے سہ حرفی لفظ میں قیامت اٹھا دی ہے۔ اسی روایت میں عشروں بعد محبوب خزاں نے لکھا۔ حال ایسا نہیں کہ تم سے کہیں / ایک جھگڑا نہیں کہ تم سے کہیں۔ سچ کہئے کہ ایسا جھگڑا کہیں اور دیکھا ہے۔ یہ میر حسن کی مثنوی کا جھگڑا نہیں جسے پنڈت کوکا ناتھ کی مدد سے سمجھا جا سکے۔ یہ تو بھیتر کی خنجر زنی اور خارج کی زنجیر زنی کی دو طرفہ یورش میں سر کو پناہ کیے بغیر صف غنیم سے وارفتہ وار گزر نا ہے۔ چراغ حسن حسرت سہل ممتنع کے بادشاہ تھے۔ علم اور شخصی متانت پر نظر کریں تو یقین ہی نہیں آتا کہ طلسم ہوشربا کی لغت کا یہ شناور اس سادگی سے دلوں کے قتلے کرنے پر بھی قدرت رکھتا تھا۔ یارب غم ہجراں میں اتنا تو کیا ہوتا/ جو ہاتھ جگر پر ہے، وہ دست دعا ہوتا۔ حسرت صاحب زاہد خشک نہیں تھے مگر دنیائے جلب و زر سے ایسی بے اعتنائی اور نہاں خانہ دل میں ایسی روشنی۔ جگر کی چوٹ اوپر سے نہیں معلوم ہوتی ہے۔ اختر شیرانی کو دیکھئے۔ کل 43 برس کی عمر پائی۔ والد حافظ محمود شیرانی تھے اور صاحبزادے مظہر شیرانی۔ زہد و اتقا کے ان دو سنگی کوہساروں کے بیچ سے اختر شیرانی کا اٹھلاتا، شفاف اور ٹھنڈا چشمہ کیسے پھوٹا؟ روایت کے مطابق حیات مختصر کی ایک آخری غزل میں لکھا۔ آج پینے کا مزہ آیا نہیں / ساقیا، ساغر سنبھال، اخترـؔ چلے۔ اس مقطع میں تخلص کا استعمال جس معنویت سے آیا ہے، اردو شعر میں اس کی مثال کم ملتی ہے۔ بہت بعد میں منیر نیازی کی رونمائی ہوئی۔ یہی بحر تھی اور یہی زمین۔ دیر کیا ہے آنے والے موسمو / دن گزرتے جا رہے ہیں، ہم چلے۔ بندش کے اعتبار سے منیر نیازی کا شعر داخلی اور خارجی معانی میں کہیں پختہ تر ہے لیکن بہائو کی آسودگی میں اختر شیرانی نے رائیگانی کی استھائی پر افسردگی کا جھالا ایزاد کر دیا ہے۔ شب تیرہ و تاریک کے اس عہد عبور میں آپ کا ذوق بہتر رہنما ہے۔ بھلے اختر صاحب کو پڑھئے یا منیر نیازی سے رجوع فرمائیے۔ رخت سفر باندھ لیجئے کیونکہ دن تو بہرحال گزر جاتے ہیں۔
(بشکریہ:روزنامہ جنگ)

  • 0
    Facebook

  • 0
    Twitter

  • 0
    Facebook-messenger

  • 0
    Whatsapp

  • 0
    Email

  • 0
    Reddit

Share. Facebook Twitter WhatsApp Email
Previous Articleسید مجاہد علی کا تجزیہ : غزہ میں تباہی پر امریکہ کی مجرمانہ خاموشی
Next Article عطا ء الحق قاسمی کا کالم:نواز شریف کی آمد!
ایڈیٹر
  • Website

Related Posts

نائن الیون کی 25 ویں برسی : امریکہ کٹہرے میں کھڑا ہے ۔۔ سید مجاہد علی کا کالم

ستمبر 13, 2026

رضا اللہ کی مزاحمت کے باوجود ایجبسٹن ٹیسٹ میں شکست: انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ

ستمبر 12, 2026

کلثوم نواز شریف کی آٹھویں برسی خاموشی سے گزر گئی : کوئی قابلِ ذکر تقریب نہ ہوئی

ستمبر 12, 2026

Comments are closed.

حالیہ پوسٹس
  • نائن الیون کی 25 ویں برسی : امریکہ کٹہرے میں کھڑا ہے ۔۔ سید مجاہد علی کا کالم ستمبر 13, 2026
  • رضا اللہ کی مزاحمت کے باوجود ایجبسٹن ٹیسٹ میں شکست: انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ ستمبر 12, 2026
  • کلثوم نواز شریف کی آٹھویں برسی خاموشی سے گزر گئی : کوئی قابلِ ذکر تقریب نہ ہوئی ستمبر 12, 2026
  • پشاور: دو خواتین کے گینگ ریپ کے چار ملزمان ’جائے وقوعہ کی نشاندہی‘ کے دوران کیسے ہلاک ہوئے؟ ستمبر 12, 2026
  • دھرنوں کے مقابل ریاست کی موٹی کھال : نصرت جاوید کا کالم ستمبر 10, 2026
زمرے
  • جہان نسواں / فنون لطیفہ
  • اختصاریئے
  • ادب
  • کالم
  • کتب نما
  • کھیل
  • علاقائی رنگ
  • اہم خبریں
  • مزاح
  • صنعت / تجارت / زراعت

kutab books english urdu girdopesh.com



kutab books english urdu girdopesh.com
کم قیمت میں انگریزی اور اردو کتب خریدنے کے لیے کلک کریں
Girdopesh
Facebook X (Twitter) YouTube
© 2026 جملہ حقوق بحق گردوپیش محفوظ ہیں

Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.