لاہور: تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں گزشتہ روز گرفتاریاں دینے والے رہنماؤں کو کوٹ لکھپت جیل سے منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جیل بھرو تحریک میں گزشتہ روز گرفتاری دینے والے تمام اسیر رہنماؤں کو کوٹ لکھپت جیل سے میانوالی اور دیگر جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ان رہنماؤں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور اعظم سواتی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق 3 ایم پی او میں گرفتار دیگر کارکنوں کو ڈی جی خان جیل بھجوایا گیا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں قیدیوں کی وین کو دکھاکر قیدیوں دعویٰ کیا گیا ہےکہ اسد عمر شاہ محمود قریشی، اعظم سواتی اوراعظم خان نیازی قیدی وین میں موجود ہیں-
ادھر جیل بھرو تحریک میں لاہور سے گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
زین قریشی کی جانب سے والد شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کرانے کے لیے درخواست دائر کر گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو حبس بے جا میں رکھا گیا ہے، شاہ محمود کو کل حراست میں لیا گیا لیکن نہیں بتایا جا رہا کہ وہ کہاں ہیں۔
اسد عمر، عمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، اعظم سواتی کے علاوہ ڈاکٹر مراد راس، جان مدنی، اعطم نیازی اور احسان ڈوگر کی بازیابی کے لیے بھی درخواستیں دائر کرائی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی بازیابی کی درخواست تحریک انصاف کے اعجاز چوہدری نے دائر کی ہے، درخواست میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، آئی جی اور سی سی پی او کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اور سی سی پی او نے تحریک انصاف کے قائدین کو گرفتار کیا، قائدین کو مال روڈ سے پکڑ کر پہلے کیمپ جیل، پھر کوٹ لکھپت جیل لے جایا گیا، قائدین کو کھانا اور دوائیاں بھی فراہم نہیں کرنے دی گئیں۔
اعجاز چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ قائدین کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا ہے، شہرت اور ذات کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹے کیس بنائے جا سکتے ہیں، رہنماؤں اور ورکرز کو حراست میں رکھنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے، رہنماؤں کو بازیاب کرکے پولیس کو غیرقانونی اقدام سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے درخواست پر سماعت کے لیے جمعے کا دن مقرر کر دیا ہے۔
( بشکریہ : جیو نیوز )
شاہ محمود اور دیگر رہنما مختلف جیلوں میں منتقل ، زین قریشی والد کی رہائی کے لیے سرگرم
ایڈیٹر2 Views
Previous Articleپی ایس ایل 8 : اسلام آباد نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا
Next Article شاہ محمود قریشی اٹک جیل میں 30 روز کے لیے نظر بند

