ملتان : پنجاب اسمبلی کے سابق رکن ،سابق صدر ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن ملتان اور سابق جج برائے خصوصی عدالت انسداد دہشت گردی مولوی محمد سلطان عالم بدھ کی صبح انتقال کرگئے۔ ان کی عمر76برس تھی۔ مولوی سلطان عالم جنوری1944 میں سہارن پور (اترپردیش ،ہندوستان)میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والد مولوی فرقان احمد انصاری اور چچا مولوی فیضان انصاری تحریک پاکستان کے کارکن تھے۔
مولوی سلطان عالم نے معروف تعلیمی ادارے مسلم ہائی سکول ملتان سے میٹرک کیا۔ بی اے کاامتحان گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان سے پاس کیا۔ایس ایم لاءکالج کراچی سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔1965 میں ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد نجی بینک میں ملازمت اختیار کی۔ 1968میں وکالت کاآغاز کیا۔ 1974میں ہائی کورٹ او ر بعد ازاں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ 1979 میں لاہور چلے گئے ۔1981میں ہائی کورٹ بینچ ملتان کے قیام کے بعد ملتان واپس آگئے۔ 1986 میں خصوصی عدالت برائے فوری انصاف بہاولپور کے جج تعینات ہوئے۔ ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی فرائض انجام دیئے۔1990 میں خصوصی عدالت برائے انسداد دہشت گردی کے جج بنے۔ 1994-95 میں ہائی کورٹ بار ملتان کے صدر منتخب ہوئے۔ 1997 میں مسلم لیگ(ن)کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔2005 میں پرویز مشرف کے خلاف وکلاءتحریک کے دوران گرفتاری بھی دی۔ مولوی سلطان عالم کی نماز جنازہ چاربجے سہ پہر مدرسہ قاسم العلوم گلگشت کالونی میں ادا کی جائے گی۔
Previous Articleنصرت جاویدکا تجزیہ۔۔’’غداروں ‘‘ کی شکست پر جشن منانے کا موسم
Next Article جبار مفتی کا کالم ۔۔ یہ تو آئینی مسئلہ ہے جناب

