اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ممکنہ لانگ مارچ سے قبل وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، جبکہ اہم شاہراہوں اور راستوں پر کنٹینرز لگا کر آمد و رفت محدود کردی گئی ہے۔ شہر کے اندر معمول کی آمد و رفت جاری ہے تاہم اسلام آباد میں داخل ہونے والے راستوں پر ٹریفک کے مسائل پیدا ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
موٹر وے ایم ون کے اسلام آباد ٹول پلازا پر کنٹینرز لگا کر اسے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ ٹریفک کو جی ٹی روڈ کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایم ون کے مختلف ریسٹ ایریاز بھی بند کیے گئے ہیں۔
26 نمبر چونگی پر مٹی سے بھرے کنٹینرز لگا کر سڑک بند کردی گئی ہے، جبکہ ٹیکسلا سے اسلام آباد آنے والے راستے پر بھی کنٹینرز کھڑے کردیئے گئے ہیں۔ اسلام آباد کے ریڈ زون کے داخلی راستوں پر کنٹینرز کی دیواریں قائم کردی گئی ہیں اور متعدد مقامات پر چیک پوسٹیں بھی بنائی گئی ہیں۔
حکام کی جانب سے اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے اہم راستوں پر بھی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل موٹر وے پولیس نے ایم ون، ایم 14، ہزارہ موٹر وے اور جی ٹی روڈ کے بعض حصوں کو بند کرنے کے حوالے سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی تھی۔ ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازا سے چچ انٹرچینج تک بند کیے جانے کی اطلاع دی گئی، جبکہ ایم 14 کے حکلہ سے کنڈل اور جی ٹی روڈ کے اٹک خورد کے قریب حصوں پر بھی ٹریفک محدود کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں اہم داخلی و خارجی مقامات پر بڑی تعداد میں کنٹینرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ریڈ زون سمیت حساس مقامات پر اضافی نفری اور چیکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں آئی جی آفس کی جانب سے پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کے لیے ایک ہزار روپے یومیہ خصوصی ڈیوٹی الاؤنس کی منظوری کا مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے مختلف علاقوں سے پولیس اہلکار بھی طلب کیے گئے ہیں جبکہ حکام نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کے انتظامات کیے ہیں۔
پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر فیض آباد کے علاقے میں بھی سیکیورٹی اقدامات سخت کردیئے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق فیض آباد اڈے کے آس پاس تمام ہوٹلز بند کرا دیے گئے ہیں، جبکہ ریسٹورنٹس اور دکانداروں کو بھی آج شام تک کاروبار بند کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فیض آباد میں مسافر خانے اور ٹرانسپورٹ اڈے بھی آج رات تک بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ مارچ سے قبل انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے اہم داخلی راستوں، شاہراہوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
جمعہ, نومبر 13, 2026
تازہ خبریں:
- تحریک انصاف کا نظریہ کیا ہے؟ سید مجاہد علی کا تجزیہ
- عابد عبداللہ کو آخری سلامی : رضی الدین رضی کا کالم
- ربیعہ احسن کی پراسرار موت : نصرت جاوید کا کالم
- کوہاٹ میں پولیس پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت کم از کم 10 اہلکار شہید ، متعدد زخمی
- عمران خان کا رات گئے ہسپتال میں طبی معائنہ: آنکھ میں انجیکشن لگانے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا، پمز انتظامیہ
- بلاول بھٹو زرداری اور سمجھ بوجھ رکھنے والی قیادت : پروفیسر ڈاکٹر مزمل حسین کا تجزیہ
- ایران و امریکہ: نئے حملے رکنے سے کیا امن قائم ہوجائے گا ؟ سید مجاہد علی کا تجزیہ
- ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ شوہر کے خلاف درج، تفتیش شروع
- 12 صوبے، 28 ویں ترمیم سے پہلے ریفرنڈم پر غور
- کیا بلاول بھٹو قومی مصالحت کار بن سکتے ہیں؟ ۔۔ سید مجاہد علی کا تجزیہ

