اسلام آباد : ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید کا اجتماع ہوا، گورنرسندھ اور میئرکراچی سمیت اہم شخصیات کی شرکت، فیصل مسجد اسلام آبادمیں رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے نماز عید پڑھائی جبکہ لاہور کی بادشاہی مسجد میں مولانا ابوالخبیر آزاد نے نماز عید کی امامت کی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم پر زور دیا کہ وہ فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرے کے ضرورت مند اور مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے کشمیریوں کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔
وزیراعظم نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی،نماز کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم لوگوں سے عید ملے۔
( ڈان نیوز )
( بشکریہ :ڈان نیوز )

