راولپنڈی : پولیس نے رات گئے اڈیالہ روڈ پر سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے عمران خان کی ان کی بہنوں سے ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف دیا گیا دھرنا ختم کروا دیا۔
مقامی پولیس کے مطابق، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ واٹر کینن کا بھی استعمال کیا گیا جس کی زد میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنیں بھی آئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 15 سے زائد کارکنوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
دھرنے کے مقام سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن استعمال کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ ویڈیوز میں پولیس کو مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ مظاہرین بظاہر پولیس سے بچنے کے لیے گلیوں کی جانب بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کے روز سابق وزیر اعظم کی بہنوں نے اپنے بھائی سے ملاقات نہ کروانے پر اڈیالہ جیل سے کچھ فاصلے پر دھرنا دیا تھا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں منگل کے روز بھی ان کے بھائی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان صحت مند ہیں، اب انھیں ذہنی تشدد کے لیے قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے جو غیرآئینی اور غیرقانونی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں قانون کے مطابق عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے دیں تو پھر یہاں احتجاج ختم ہو جائے گا۔‘
اڈیالہ کے نزدیک پی ٹی آئی کا دھرنا ختم کرا دیا گیا : لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال 15 کارکن زیرِ حراست
ایڈیٹر8 Views

