کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جمعیت العلماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر جمعہ کو احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
کوئٹہ میں جے یو آئی کے کارکنوں نے دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود احتجاجی ریلی نکالی، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس وقت ’ریاستی حصار‘ میں ہیں اور پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور بار کونسل نے ایک تقریب میں انھیں مدعو کیا تھا تاہم ’مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں۔‘
جے یو آئی ف نے اس اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں حبس بیجا کی پٹیشن بھی دائر کی۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے اس الزام کی تردید کا بیان سامنے آیا تھا۔
جمعے کے روز بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ریلی کے شرکاء مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے منان چوک پہنچے، جہاں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان، دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ جمہوریت کی دعویدار جماعتوں کی حکومت نے پنجاب میں پارٹی کو پُرامن جلسہ منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی۔ انھوں نے کہا کہ ان گرفتاریوں اور غیر جمہوری اقدامات سے جے یو آئی کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا عبدالواسع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں احتجاج کے دوران انھیں، بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف یونس زہری اور تین دیگر اراکین اسمبلی کو ایم پی او کے تحت نظر بند کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف اضلاع سے جماعت کے درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
جے یو آئی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے اور پارٹی کے مرکزی امیر کی نقل و حرکت پر پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے۔
( بشکریہ : بی بی سی )

