اس کرہ ٔخاکی پر انسان کا وقفہ حیات، دریافت اور زیاں کے تارِ حریر دو رنگ کی کہانی ہے۔ ہر گام پر زندگی کے شکن در شکن لبادے سے حسن کردار کی کٹھالی میں ڈھلے شفقت کے لعل و گہر برآمد ہوتے ہیں جنہیں بڑی بڑی آنکھوں والا بچہ اپنے ننھے ہاتھوں سے پکڑ کے شلوکے کی جیب میں رکھ لیتا ہے۔
سورج اپنے نصف النہار پر پہنچ کر زوال کے زینے کی طرف بڑھتاہے تو زیاں کا طلسماتی کھیل شروع ہوتا ہے۔ سفر کی دُھول میں اَٹے مسافر کے کِیسےمیں رکھے نیلم و مرجاں ایک ایک کر کے کسی ان دیکھے جادوئی دھاگے میں بندھے برآمد ہوتے ہیں اور ہوا میں ایک لکیرِ پیچاں بناتے غائب ہو جاتے ہیں۔ تعاقب کی سعی ناکام رہتی ہے، ہانپتے ہوئے لوٹتے ہیں تو خبر ہوتی ہے کہ ایک اور گوہر ضوفشاں اوجھل ہو چکا۔ بندہ کم مایہ صف نعلین کا سپاہی ہے لیکن سرِ لشکر کے احترام و اکرام کے آداب سے بے گانہ نہیں رہا۔ زندگی کا احسان رہا کہ اپنے زمانے کے بہترین اذہان سے رہنمائی اور شفقت نصیب ہوئی۔ کیسے کیسے جوہر آبدار کو جاننے کا اعزاز نصیب ہوا۔
اور اب ساقی امروہی کے مصرع ثانی سے واسطہ ہے۔ ’مگر اب شام ہوتی جا رہی ہے۔‘ 1972 کا برس تھا۔ یکم نومبر کو میری عمر کیا رہی ہو گی۔ ولیکن باخبر اور علم دوست زمانہ تھا۔ ایذرا پائونڈ کی وفات کی خبر آئی۔ آج کا بنجر پن نہیں تھا۔ اس شہر میں ایک مسلک کی جنازگاہ کے امام کو کم عمر نائب نے دو مرتبہ حسین نقی کے نام اور کوائف بتائے مگر ماڈل ٹائون کی معروف ترین عبادت گاہ کا مہتمم ملک کے بزرگ ترین صحافی اور معروف شہری کا دعائے خیر میں نام بھول گیا۔ملک کے کثیرالاشاعت اخبار کے صفحہ آخر پر دو کالمی خبر نامکمل اور بے ربط تھی۔ 1972 میں اعجاز بٹالوی سے جیلانی کامران تک سب جانتے تھے کہ بیسویں صدی میں جدید ادب کا معمار اٹھ گیا ہے۔ سہ ماہی ’ فنون ‘ کا اپریل 73 کا شمارہ شائع ہوا تو اس میں’ایذرا پاؤنڈ کی موت پر‘ کے عنوان سے اختر حسین جعفری کی کلک گہر بار سے نکلے نو مصرعے جگمگا رہے تھے:
تجھ کو کس پھول کا کفن ہم دیں/تو جدا ایسے موسموں میں ہوا/جب درختوں کے ہاتھ خالی ہیں/انتظارِ بہار بھی کرتے/دامنِ چاک سے اگر اپنے/کوئی پیمان پھول کا ہوتا/آ تجھے تیرے سبز لفظوں میں/دفن کر دیں کہ تیرے فن جیسی/دہر میں کوئی نو بہار نہیں
لاہور میں عظیم قریشی نام کے ایک صاحب ڈاک خانہ کی ملازمت کرتے تھے۔ سائیکل سوار عظیم قریشی نئے رنگ میں شعر کہتے تھے۔ شاید ہمارے ملال ہی کو نظم کیا تھا:
یہاں پھول تھے اور وہاں پھول تھے
مگر چاند نے سب کے سب کھا لیے
حالیہ برسوں میں اہل صحافت کے کتبے گن جائیے۔ محمد ادریس (دسمبر 1988)، نثار عثمانی (ستمبر 1994)، اقبال احمد (مئی 1999 ) ،عزیز صدیقی (جون 2000) ، حمید اللہ برکی (ستمبر 2003 )، احمد علی خان (مارچ 2007 )، طاہر مرزا (مئی 2007) ، خالد حسن (فروری 2009 ) ،شفقت تنویر مرزا (نومبر 2012 )، ظفر اقبال مرزا (دسمبر 2019)، سلیم آصمی (اکتوبر 2020)، ضیاالدین احمد (نومبر 2021)، آئی اے رحمن (اپریل 2021)، خالد احمد (نومبر 2024) اور اب حسین نقی (22نومبر 2026) ۔ اختر حسین جعفری نے شاعر کی آنکھ پائی تھی۔ نومبر 1972 میں ایذرا پاؤنڈ کے نوحے میں جو منظر بیان کیا تھا وہ نومبر 2026 میں آکے پورا ہوا ہے۔ اب ماندگان اندوہ یہ لکھنے میں مبالغہ آرائی کے مرتکب نہیں ہوں گے کہ ’ درختوں کے ہاتھ خالی ہیں‘۔ یہ جو فہرست گنوائی ہے ان میں سے ہر خاکی پتلا ترکش قومی کا خدنگ بہدف تھا۔
حسین نقی کی صفات کیا بیان کی جائیں۔ آنے والا مؤرخ جرأ ت اور حق گوئی کے اس پیکر خاکی کی صفات کا خود سے احاطہ کر لے گا۔ مگر یہ کہ اب مؤرخ کس طرح لکھے گا اور لکھے گا اب درختوں کے ہاتھ خالی ہیں۔ حسین نقی طالب علم تھے تو بلوچ طلبا کی حمایت کی پاداش میں کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلراور تاریخ پاکستان کے گل چین اول اشتیاق حسین قریشی کے عتاب کا نشانہ بن کر یونیورسٹی سے خارج کیے گئے ۔ بی اے کے تین سالہ نصاب پر احتجاج کیا تو معراج محمد خان ، ڈاکٹر سرور اور فتح یاب علی خان سمیت آٹھ طلبا کے ہمراہ کراچی بدر کیے گئے ۔ حیدر آباد کے ہیلی پیڈ پر بہاولپور کے مخدوم زادہ حسن محمود کی بدعنوانی پر سوال اٹھایا تو ایوب خاں کے عتاب کا نشانہ بنے۔ کمشنر مسرور حسن خان نے حیدر آباد سے بلوچستان تبادلہ کر دیا۔ پنجاب یونیورسٹی ہال میں ذوالفقار علی بھٹو کے زور خطابت پر احتجاج کیا۔ فوری گرفتاری سے بچ گئے مگر ’پنجاب پنچ‘ پر پابندی لگ گئی اور حسین نقی اپنے ناشر مظفر قادر سمیت گرفتار ہو کر ساہیوال جیل پہنچ گئے۔
ضیا آمریت میں بائیں بازو کے صحافیوں میں پھوٹ ڈلوانے کے لیے مارشل لا حکومت نے خفیہ سرکلر جاری کیا تو اسے ’ویو پوائنٹ‘ میں شائع کرنے پر شاہی قلعہ لاہور بھیجے گئے۔ عقوبت خانے کے اندھیرے تہ خانے میں ننگے فرش پر پڑے بخار میں پھنک رہے تھے ۔ عقوبت خانے کے نگران نے پوچھا۔ کیا خدمت کر سکتا ہوں؟ فرمایا ، اگر ممکن ہو تو ایک کمبل اور اوڑھا دیجئے۔ 1993 میں غلام اسحاق خان نے 58 ٹو بی کے کلہاڑے سے نواز گورنمنٹ کو بار دگر منہدم کرنا چاہا تو احتجاجی اشتہار شائع کرنے پر آئی اے رحمن کے ہمراہ گرفتار ہوئے۔ 17 نومبر 2018 کو لولے لنگڑے انصاف کے سرخیل ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور کی رجسٹری میں ذاتی عناد کی بنا پر حسین نقی سے گستاخی کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی رکنیت چھوڑیے اور جا کر کالج یونین چلائیے۔
زندگی میں انصاف اور المیے کی جدلیات یہی ہیں کہ مسند نشین بالشتیے وقت کی گرد میں اوجھل ہو جاتے ہیں اور سید حسین نقی درختوں کے ہاتھ خالی کر جاتے ہیں۔
(بشکریہ: ہم سب لاہور)

