پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے جیل سے ’پارٹی کے نظریہ ‘ پر قائم رہنے کا پیغام بھیجا ہے۔ گزشتہ روز دو وکیلوں کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت سے یہی کہا گیا ہے کہ بنیادی نظریے پر قائم رہیں اور آگے بڑھیں۔ اس بیان سے یہ سوال اہم ہوجاتا ہے کہ آخر تحریک انصاف کا نظریہ کیا ہے؟
سلمان اکرم راجہ زیرک اور تجربہ کار وکیل ہیں۔ اگرچہ سیاست میں ان کا تجربہ کم ہے لیکن وہ یہ ضرور جانتے ہوں گے کہ تحریک انصاف اگر کسی نظریے کے لیے کام کررہی ہوتی تو وہ پہلے عمران خان کی رہائی اور اس کے بعد ان سے ملاقاتوں کا مطالبہ کرتے کرتے خیبر پختون خوا کی حکومت بھی نہ گنوا بیٹھتی۔ اگر پارٹی کسی جمہوری یا سیاسی اصول پر عمل پیرا ہوتی تو وہ ملک کی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مکالمہ سے انکار اور اسٹبلشمنٹ کے ساتھ براہ راست بات چیت کا مطالبہ نہ کرتی۔ اگر پارٹی واقعی کسی سیاسی نظریے پر کاربندہوتی تو اسے معلوم ہوتا کہ عوام کے جمہوری حقوق کے لیے انتخابی عمل ہی واحد امید ہے اور منتخب ہونے والے ارکان کو پارلیمنٹ کے ذریعے اپنی اس نمائیندگی کو استعمال کرتے ہوئے جمہوری روایت آگے بڑھانے کے لیے کام کرنا چاہئے۔
ملکی سیاست میں اسٹبلشمنٹ کی مداخلت کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس کی ایک وجہ اگرچہ ملکی معیشت میں پاک فوج کا بڑھتا ہؤا اسٹیک بھی ہے لیکن دوسری طرف سیاسی لیڈر بھی امور حکومت چلانے اور گروہ بندی سے بالا ہوکر ملکی و قومی مقاصد کے لیے کام کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ عمران خان تو کئی سالوں سے تحریک انصاف کو کامیاب کرانے کے لیے کام کررہے تھے۔ لیکن میانوالی سے ایک نشست جیتنے کے علاوہ انہیں کوئی سیاسی کامیابی نصیب نہیں ہوئی۔ البتہ جب اسٹبلشمنٹ نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے مدمقابل ایک نئی پارٹی لانے کا فیصلہ کیا اور عمران خان کو ’سیاسی حمایت‘ کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے بڑھ کر اس کا خیر مقدم کیا۔ اگر عمران خان نے کسی سیاسی نظریہ کی بنیاد پر پاٹی کو استوار کیا ہوتا تو وہ اس پیش کش کو تسلیم کرنے کی بجائے ملک میں انتخابات کے ذریعے عوامی حکومت کے قیام پر اصرار کرتے ۔ لیکن اقتدار حاصل کرنے کے لالچ میں انہوں نے بھی وہی شارٹ کٹ اختیار کرنا ضروری سمجھا جو دیگر سیاست دان اختیار کرتے رہے تھے ۔ پھر عمران خان یا پی ٹی آئی کا ایسا کون سا سیاسی نظریہ ہے جس کی بنیاد پر انہیں پاکستانی سیاست میں تخصیص حاصل ہوتی ہے؟
عوامی حقوق کے لیے جد و جہد کرنے والی کسی نظریاتی پارٹی کو یہ بھی معلوم ہونا چاہئے تھا کہ کوئی بھی نظریہ فساد برپا کرکے یا لوگوں کو تشدد پر اکسا کر کامیاب نہیں ہوسکتا۔ عوامی حقوق، جمہوریت اور آزادی رائے کے بارے میں بنیادی اصولوں کو کامیاب بنانے کے لے ملک کی سب سیاسی قوتوں کو مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اگر سیاسی لیڈر واقعی سیاست میں اسٹبلشمنٹ کے کردار سے مطمئن نہیں ہیں تو انہیں دو کام کرنے ہوں گے۔ ایک، وہ خود اسٹبلشمنٹ کے سہارے چلنے والے سیاسی انتظام کا کوئی قابل اعتبار متبادل فراہم کریں جس میں باہمی احترام اور بنیادی آزادیوں کو کلیدی حیثیت حاصل ہو۔ دوسرے، یہ کوشش کی جائے کہ ملک کی ساری سیاسی قوتیں کم از کم ایک نکتہ پر مل بیٹھیں اور اسٹبلشمنٹ کو پیغام دیاجائے کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی کسی صورت میں اسٹبلشمنٹ کے طے کردہ اصولوں کے تحت اقتدار حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ یہ مقصد حاصل کرنے کے لیے سب سیاسی لیڈروں اور پارٹیوں کا مل بیٹھنا ضروری ہے۔ لیکن عمران خان کی سیاست کا بنیادی نکتہ ہی دوسروں کو چور لٹیرے قرار دے کر خود کو اقتدار کا سب سے بڑا حق دار ثابت کرنا رہا ہے۔ اس صورت حال میں یہ سوال تو کیا جاسکتا ہے کہ پھر دوسری سیاسی پارٹیوں اور تحریک انصاف میں کیافرق باقی رہ جاتا ہے؟ سب ہی اسٹبلشمنٹ کے ساتھ مل کر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے وہ ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریباں رہتے ہیں۔
یہ درست ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں عمران سمیت ان کے ساتھیوں کو طویل مدت سے جیلوں میں بند رکھا گیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح ہے کہ اگر عمران خان کو آج اقتدار حاصل ہوجائے تو وہ بھی اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ وہی سلوک کریں گے جو اس وقت ان کے ساتھ روا رکھاجارہا ہے۔ ملک کے عام شہری کے لیے ان دونوں سیاسی قوتوں میں بنیادی طور سے کوئی فرق نہیں ہے۔ عمران خان نے ضرور اپنے ہتھکنڈوں اور نعروں کے ذریعے اپنے نام کو ’قابل فروخت شے‘ بنایا ہے لیکن کیا اسے کوئی پارٹی اپنا سیاسی نظریہ کہہ سکتی ہے؟ کیا سوشل میڈیا کا سہارا لے جھوٹ اور دشنام طرازی کی بنیاد پر مخالفین کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کرکے اپنے لیے سیاسی حمایت حاصل کرنا ’نظریہ‘ ہے؟ اگر یہی نظریہ ہے تو پارٹی کو اسی پر عمل کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔ پارٹی نے جب محسوس کیا کہ اسٹبلشمنٹ اقتدار تک پہنچنے میں اس کی سیڑھی بننے کی بجائے اسے نظر انداز کررہی ہے تو اس نے وہی ہتھکنڈے پاک فوج کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کرنا شروع کردیے جو دوسری سیاسی پارٹیوں کے خلاف بروئے کار لائے جاتے تھے۔ اس کا نتیجہ نکلا کہ عمران خان اور پارٹی کو صرف سیاسی حکومت سے ہی مخالفت کا سامنا نہیں ہے بلکہ وہ براہ راست اسٹبلشمنٹ سے ٹکر لینے کی بات کرتی رہی ہے۔ تصادم کی اس پالیسی کا باقاعدہ آغاز 9 مئی 2023 کو فوج کے خلاف توڑ پھوڑ اور حملوں کی کارروائیوں سے ہؤا۔ اس منظم احتجاج میں ناکامی کے باوجود عمران خان یہ سمجھنے سے قاصر رہے کہ ان سے سیاسی بلنڈر ہؤا ہے اور انہیں اس غلطی کا اعتراف کرکے آگے بڑھنا چاہئے۔
جاننا چاہئے کہ اس حکمت عملی میں نظریہ کہاں ہے؟ یہ سارے ہتھکنڈے تو محض اقتدار تک پہنچنے کے لیے دباؤ بڑھانے کی غرض سے استعمال کیے جاتے رہے ہیں۔ اسی مقصد سے پہلے اڈیالہ میں ملاقاتوں کے بعد نفرت انگیز پریس ٹاک کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں ملاقاتوں پر پابندی لگ گئی۔ پھر خیبر پختون خوا کی حکومت کو اسٹبلشمنٹ کے خلاف استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی اور اسی طاقت کے بل بوتے پر اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی تیاریاں کی گئیں اور اس کے ساتھ ہی دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی کا ساتھ دینے کی بجائے، ان عناصر کی حوصلہ افزائی کی گئی جو صوبے بھر میں شہریوں اور فوجیوں کو ہلاک کرنے کے مقصد سے حملے کررہے ہیں۔ اسی کے نتیجے میں صوبائی حکومت سے بھی ہاتھ دھونا پڑے۔ پارٹی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپنی نمائیندگی کو پہلے ہی کسی بھی عوامی مطالبے کے لیے استعمال کرنے میں ناکام رہی ہے کیوں کہ اس کے مقاصد میں بنیادی حقوق تو موجود ہی نہیں ہیں۔ پارٹی کے لیے حقوق اور قانون کی بات عمران خان کی رہائی یا ان سے ملاقاتوں کی اجازت تک محدود ہے۔ اس صورت میں وہ کون سا نظریہ ہے جس پر عمل کرکے سلمان اکرم راجہ یا تحریک انصاف کی دیگر قیادت پارٹی کو موجودہ بحران سے بھی نکال لے اور عوامی حقوق کی محافظ بھی بن سکے؟
سلمان اکرم راجہ کو عمران خان کی طرف سے جو بھی پیغام موصول ہؤا ہے لیکن پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف مٹی کا باوا بن کر محض اڈیالہ جیل سے موصول ہونے والے احکامات کا انتظار نہ کریں بلکہ پارٹی کے بانی کو یہ تجاویز بھی بھجوائیں کی تحریک انصاف کو کیسے فعال کیا جاسکتا ہے اور اسے کیوں کر ایک بار پھر وہ سیاسی قوت فراہم کی جاسکتی ہے جسے عوام کے حقوق حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔ تحریک انصاف کے لیڈروں کو جاننا چاہئے کہ غیر واضح نظریہ کی تکرار سے سیاسی معاملات حل نہیں ہوں گے۔ پارٹی کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے پہلے اسے جیل میں بند لیڈر کے حصار سے نکال کر پارٹی لیڈروں کو فیصلے کرنے کے قابل ہونا پڑے گا۔ اس کے بعد اسے ایک سیاسی پارٹی کی طرح دوسری سیاسی پارٹیوں کو وہی احترام دینے کا طریقہ سیکھنا چاہئے جو وہ خود اپنے لیے چاہتی ہے۔
ملک کے سیاسی عمل کا حصہ بنے بغیر نہ تو تحریک انصاف کو قومی سیاست میں کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکے گا اور نہ ہی اس کے مقید لیڈروں کی مشکلات کم ہوں گی۔ پارٹی اگرتصادم کی بجائے سیاسی تعاون کا راستہ اختیار کرے اور اسٹبلشمنٹ سے مدد مانگنے کی بجائے اپنی عوامی مقبولیت پر بھروسہ کرے تو وہ جلد ہی کسی بڑی تبدیلی کے لیے راہ ہموار کرسکتی ہے۔
( بشکریہ : کاروان ۔۔ ناروے )

