گوجرانوالہ: ولیمے کے روز دلہن کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔سی سی ڈی کے مطابق مدوخلیل روڈ پر سی سی ڈی اہلکار آپریشن کے لیے جا رہے تھے کہ2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 افراد نے وین کو دیکھ کر فائرنگ کردی، فائرنگ میں ایک ملزم زخمی اور 3 فرار ہوگئے جب کہ زخمی ملزم کی شناخت سرفراز کے نام سے ہوئی جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔
سی سی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا جب کہ دوسری کارروائی میں مرکزی ملزم کے ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا گیا، مقدمے میں نامزد ملزمہ عروب پہلے سے ہی گرفتار ہے۔
واضح رہے کہ ولیمے کی دلہن کو قتل کرنے کا واقعہ 24 اکتوبر کو سمن آباد چنگی کے قریب پیش آیا تھا، ملزم سرفراز نے ولیمہ کی تقریب سے واپسی پر دلہن کو قتل کیا تھا۔
3 سال قبل ملزم نے مقتولہ کے گھر رشتہ بھیجا تھا، لڑکی کے گھر والوں نے رشتے سے انکار کردیا تھا، قتل کا مقدمہ مرکزی ملزم اور مقتولہ کی دوست سمیت 3 افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ دلہا دلہن سفید رنگ کی کار میں سوار تھے، ملزم نےگن پوائنٹ پر گاڑی کو روکا، ملزم نے پیچھے بیٹھی ایک لڑکی کو باہر نکالا اور پھر ملزم نے کار میں بیٹھ کر دلہن کو گولی ماری۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں 3 ملزمان پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں لڑکی کی دوست بھی نامزد ہے، ملزم لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا، لڑکی کے گھر والوں نے رشتے سے انکار کردیا تھا، ملزم مقتولہ کی دوست لڑکی کا رشتہ دار ہے۔
( بشکریہ : جیو نیوز )
گوجرانوالہ: ولیمے کے روز دلہن کو قتل کرنے والا مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
ایڈیٹر4 Views

