کراچی : پاکستان نے نجی نیوز چینل ’اے آر وائی‘ کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر سلمان مرزا پر ہراسانی کے الزامات سے متعلق خبر پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹارگٹ کرنے کے لیے ایجنڈے پر مبنی فیک نیوز کسی طور بھی قابلِ قبول نہیں اور یہ خبر نشر کرنے والے صحافی کو بغیر کسی تاخیر کے معافی مانگنی چاہیے۔‘
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو پی سی بی اس بھونڈے طرز عمل سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اُٹھائے گا۔
پی سی بی کے علاوہ فاسٹ بولر سلمان مرزا نے بھی اس خبر کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دیتے ہوئے صحافی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب چینل انتظامیہ کا موقف ہے کہ خبر دینے سے قبل تمام صحافتی اُصولوں کا خیال رکھا گیا، لہذا اس معاملے پر معافی کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ نجی نیوز چینل ’اے آر وائی‘ نے جمعرات کو ذرائع کے حوالے یہ خبر نشر کی تھی کہ سری لنکا میں ہوٹل کے عملے نے پاکستانی کرکٹر سلمان مرزا سے متعلق یہ شکایت کی تھی کہ اُنھوں نے مبینہ طور پر ایک خاتون کو ہراساں کیا۔
خبر میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ ہوٹل مینجمینٹ کی شکایت پر ٹیم انتظامیہ نے ابتدائی تحقیقات کیں، جس کے بعد مذکورہ کھلاڑی کو جرمانہ بھی کیا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سری لنکا میں کینڈی کے گولڈن کراؤن ہوٹل میں مقیم تھی اور اس نے یہاں انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف سپر ایٹ کے میچز کھیلے تھے۔
یہ خبر سامنے آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلمان مرزا کی جانب سے سخت ردِعمل کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی بحث شروع ہو گئی۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ایک جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہیں کر سکی جبکہ دوسری جانب اس نوعیت کی خبروں سے ملک کی ساکھ پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔
سلمان مرزا کا ردِعمل
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’میڈیا پر ایک بیہودہ خبر گردش کر رہی ہے، جس کی میں مذمت کرتا ہوں۔‘
سلمان مرزا کا کہنا تھا کہ ’کوئی بھی میڈیا ہاؤس غیر تصدیق شدہ خبر نشر نہیں کر سکتا۔ پی سی بی پہلے ہی اس بے بنیاد اور جعلی خبر کی تردید کر چکا اور میں مذکورہ صحافی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے جا رہا ہوں۔‘
اُنھوں نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس نوعیت کی رپورٹنگ پر پابندی لگائے۔
خیال رہے کہ سلمان مرزا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے سکواڈ میں شامل تھے اور اُنھوں نے نمیبیا اور انگلینڈ کے خلاف میچز میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
( بشکریہ : بی بی سی )
اتوار, اکتوبر 25, 2026
تازہ خبریں:
- صحافت ۔۔تاریخ کو شکست دینے والا لفظ : وجاہت مسعود کا کالم
- فرانس میں مہنگائی کے خلاف پھر مظاہرے، گرفتار افراد کی تعداد سیکڑوں سے تجاوز کر گئی
- انجینئر ممتاز احمد خان کا ’’ ممتاز نامہ ‘‘ زندگی کا سفر اور قومی شعور کی دستاویز : صائمہ نورین بخاری کا کتاب کالم
- لہندا زبان ہے یا بولی ؟ زبان خلق / ڈاکٹر عباس برمانی کا کالم
- فضول خرچ بیٹے کی تمثیل :زبانِ خلق / ڈاکٹر عباس برمانی کا کالم
- خیبر پختونخوا۔۔ پی ٹی آئی ارکان کو ’’ونڈر بوائے‘‘ کی تلاش : نصرت جاوید کا کالم
- جوتے چومنے کی سزا جوتے چاٹ کر دینے کا حکم: مظفر گڑھ میں پنچایت کا فیصلہ ، چار افراد گرفتار
- مولانا اور خان ۔۔ قربتوں اور دوریوں کی داستان : حامد میر کا کالم
- سعودی عرب کے دمام ایئرپورٹ اور آرامکو آئل فیلڈ پر حملے 3 افراد ہلاک 10 زخمی
- پولیس حراست میں ملزم کی ہلاکت قومی انحطاط کی علامت : سید مجاہد علی کا تجزیہ

