نواب شاہ : معروف کہانی کار اور ناول نگار منیر مانک کی یاد میں انجمن ترقی پسند مصنفین سندھ کی جانب سے 24 دسمبر 2023 کو پریس کلب نواب شاہ میں مانک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت انجمن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر بدر اجن نے کی۔
جبکہ مہمان خصوصی ترقی پسند دانشور رؤف نظامانی تھے۔
مہمانانِ اعزاز میں مانک کے صاحبزادے علی مانک میمن، ملتان سے مشہور کالم نگار رضی الدین رضی، ڈاکٹر محمود مغل، نعیم شیخ اور منور سراج شامل تھے۔کانفرنس میں ملک بھر سے قلمکاروں نے شرکت کی ۔
مانک کی کہانیوں۔ ان کی زندگی، جدوجہد اور کارناموں پر تحقیقی مقالے پیش کرتے ہوئے مصور چندئی، مانک ملاح، منظور کلہوری، عیسیٰ میمن، ممتاز لوہار، فہیم نوناری اور اسد کیرائی نے کہا کہ مانک کا شمار ممتاز کہانی کاروں میں ہوتا ہے۔وہ سندھی زبان کا ایسا کہانی کار تھا جس کی تحریروں کو سارتر ، کامیو کافکا، شوپن ہار، منشی پریم چند کرشن چندر، سعادت حسن منٹو اور دوسرے بڑے ادیبوں کی تحریروں کے برابر رکھا جا سکتا ہے۔ وہ ایک پریکٹیکل رائٹر تھا ۔ وہ سادہ، مخلص، انسان دوست، سچا، دلیر اور ذمہ دار انسان تھا اور اپنی تحریروں میں ترقی پسند، جدت پسند، باغی، انقلابی اور محب وطن تھا۔ ان کی تحریریں صدیوں تک ہمارے ذہنوں میں نقش رہیں گی اور آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔
اس موقع پر انجمن ترقی پسند مصنفین پاکستان کے صدر مشتاق کشفی اور معروف ترقی پسند دانشور احمد سلیم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس پیش کیا گیا جس میں راحت سعید، ڈاکٹر بدر اجن اور رؤف نظامانی نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر پانچ کتابوں اور انجمن کے جریدے کی رونمائی بھی کی گئی۔
انجمن ترقی پسند مصنفین کی طرف سے ہر سال سندھی، اردو، سرائیکی، براہوی زبانوں کے 18 شعبوں میں کتابوں کو ایوارڈز دیے جاتے ہیں ۔
آخر میں نوجوان شاعر سعید احمد ہیکل سومری کی صدارت میں ایک مشاعرہ ہوا جس کے مہمان خصوصی جھانگیر ڈاہری تھے ۔

