اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں کسی ملک کا مخالف نہیں، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں، غلامی نہیں اور موجودہ حکومت کے خاتمے اور الیکشن تک جدوجہد جاری رکھتے ہوئے عوام میں جاؤں گا۔
ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم نے کہا تھا ہم انگریز کی غلامی سے نکل کر ہندوؤں کی غلامی میں نہیں جانا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ غلامی کی 4 قسمیں ہیں، جس میں ذہنی غلامی بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے مخالف 26 سال سے میری کردار کشی کر رہے ہیں، مجھے بدنام کرنے کے لیے ہرقسم کی کوشش کی، گندی کتابیں لکھوائیں۔
عمران خان نے کہا کہ موت سے ڈرنے والے نے آج تک کوئی بڑا کام نہیں کیا، کسی فوجی نے آج تک تمغے نہیں لیے جو موت کے خوف پر قابو نہیں پاتا۔ان کا کہنا تھا کہ جب میں وزیراعظم تھا تو رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی تھی تاکہ نئی نسل مغربی تہذیب کے غلام نہ بن جائیں، جب تک ان کو اپنی تاریخ اور دین کا پتہ نہیں چلے گا تو مغربی تہذیب اتنی چھائی ہوئی ہے کہ ہمارے بچے ان کی غلامی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں، مجھے کہتے ہیں آپ امریکا مخالف ہیں، میں امریکا مخالف نہیں ہوں، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں لیکن غلامی نہیں چاہتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مغرب کے لوگ جب آپ ان کی چمچہ گیری کریں گے تو وہ آپ کی عزت نہیں کریں گے لیکن اگر اپنے ملک کے مفادات کے لیے کھڑے ہوں گے تو ان کو اچھا نہیں لگے گا تاہم وہ آپ کی عزت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیردفاع کہہ رہا ہے امریکا نے ہمیں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے، جب چاہیں کھینچ لے اور ہم مرجائیں گے تو اس نوبت تک کون لے کر آیا۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ سے میرے تعلقات ٹھیک تھے، جب میں واشنگٹن گیا تو جس طرح پروٹوکول اس نے مجھے دیا اس سے پہلے کون سے پاکستانی وزیراعظم کو دیا۔
ان کا کہناتھا کہ میں ان کی مخالفت اس لیے کرتا ہوں کہ انہوں نے مشرف کو دھمکی دی کہ جنگ میں شرکت نہیں کی تو وہ پاکستان کو تباہ کردیں گے اس وقت جنرل مشرف گھٹنے ٹیک گیا اور قوم نے بھاری قیمت ادا کی۔انہوں نے کہا کہ میں امریکا مخالف نہیں ہوں، پھر ہمارے سفیر اسد مجید کو ایک امریکی انڈر سیکریٹری اسٹیٹ ڈونلڈ لو ملنے آتا ہے اور ہماری ذلت ہوئی اور اس نے دھمکی دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم مل کر قرضے اتاریں گے، اپنے پیر پر کھڑے ہوں گے، مشکل وقت گزاریں گے، آزادی آسانی سے نہیں ملتی، قربانیاں دینی پڑتی ہے اور میری قوم قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ امپورٹڈ حکومت کو ہم فارغ نہیں کرتے اور الیکشن نہیں کرواتے ہم مل کر اس ملک میں جدوجہد کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں سب سے زیادہ تباہی پھیلانے والی غلامی انصاف کی عدم فراہمی ہے اور انصاف کی فراہمی سے معاشرہ آزاد حیثیت میں اٹھتا ہے، جب تک انصاف نہیں دیں گے اپنے لوگوں کو آزادی نہیں دے سکتے۔
شہباز گل کے معاون کی اہلیہ کی گرفتاری کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ جو بھی یہ کر رہے ہیں ساری سازشی آج میری آواز کان کھول کر سن لو یہ تم اس قوم کو نہیں روک سکتے۔رات کے 12 بجتے ہی جلسے میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور چیئرمین پی ٹی آئی نے تقریر روک کر مناظر سے محظوظ ہوئے، جس کے بعد اپنی تقریر جاری رکھی۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں آج پہلی مرتبہ سب سے اچھا 14 اگست منایا اور میرا دل کہہ رہا ہے اگلا 14 اگست ہم اپنی حقیقی آزادی لے چکے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ غیرملکی سازشیوں کے ساتھ مل کر اندرونی میر جعفر اور میر صادق اب کیا سازش کر رہے ہیں، لوگوں کے اوپر خوف طاری کرنے کی کوشش کی، 25 مئی کو لوگوں کو ڈرایا اور 3 لوگ شہید ہوئے لیکن جب پنجاب کا ضمنی الیکشن ہوا تو دھاندلی کے باوجود ہم نے ان کو شکست دی۔
ان کا کہنا تھا کہ سکندر سلطان نے ان کی ہر قسم کی مدد کی، وہ بزدل آدمی ہے، اس کو پیچھے سے ایک جوتا پڑا تو ان کی مدد کی لیکن لاہور کے عوام کو خصوصی سلام پیش کرتا ہوں کہ آپ نے ان کو بری شکست دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سازش کا منصوبہ بنایا ہے کہ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ اور ممنوعہ فنڈنگ کا کیس بناؤ اور کسی طرح نااہل کرکے ادھر سے نواز شریف کو بلاؤ اور پھر کہو عمران خان کو لڑنے دیں گے اور نواز شریف پر پابندی ہٹادو۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی یہ سازش کر رہا ہے کان کھول کر سن لو عمران خان کوئی ڈیل نہیں کرنے لگا، میرا مقابلہ اس ڈاکو سے نہ کرو۔
انہوں نے کہا کہ سازش یہ ہے کہ نواز شریف کو ستمبر کے آخر میں لانے کی کوشش ہے، نواز شریف فکر نہیں کرو میں تمہارا بہت اچھی طرح استقبال کروں گا۔
( بشکریہ : ڈان نیوز)
منگل, ستمبر 15, 2026
تازہ خبریں:
- اجتماعی سلامتی: تصور سے عملی حکمتِ عملی تک! امریکہ، ایران جنگ کے تناظر میں ۔۔ ڈاکٹر سید علمدار حسین بخاری کا تجزیہ (2)
- پیٹرول کی قیمت میں مزید پونے پانچ روپے کا اضافہ : ڈیزل بھی 6 روپے لیٹر مہنگا
- عوام سے لیڈروں کی دور ی کسی طوفان کا پیش خیمہ بنے گی : سید مجاہد علی کا تجزیہ
- موٹر سائیکل ، رکشا، 800 سی سی تک گاڑیوں کیلیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف
- ایران، امریکہ جنگ کےشعلے : چین چَین کی بنسری کیوں بجا رہا ہے ۔۔۔ ڈاکٹر سید علمدار حسین بخاری کا تجزیہ (1)
- اِس شہر کے کتنے روپ ہیں؟ ۔۔ یاسر پیرزادہ کا مکمل کالم
- دنیا میں امریکہ کا متبادل موجود نہیں : سید مجاہد علی کا تجزیہ
- نائن الیون کی 25 ویں برسی : امریکہ کٹہرے میں کھڑا ہے ۔۔ سید مجاہد علی کا کالم
- رضا اللہ کی مزاحمت کے باوجود ایجبسٹن ٹیسٹ میں شکست: انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ
- کلثوم نواز شریف کی آٹھویں برسی خاموشی سے گزر گئی : کوئی قابلِ ذکر تقریب نہ ہوئی

