اسلام آباد : نومنتخب وزیرِاعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادی جماعتوں کے 16 وفاقی وزراء نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ایوانِ صدر میں ہونے والی اس تقریب میں صدرِ مملکت ممنو ن حسین نے 16 وزراء سے حلف لیا۔اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان بھی موجود تھے، جبکہ پارٹی کے دیگر اراکین سمیت کئی مہمانوں کو اس تقریب کے موقع پر مدعو کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ 18 اگست کو وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنی کابینہ میں 16 وفاقی وزراء اور 5 مشیروں کو شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔نومنتخب وفاقی کابینہ میں تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کے علاوہ مرکز میں اس کی اتحادی جماعتوں کے نمائندوں کو بھی اہم عہدے دیے گئے ہیں۔عمران خان کی کابینہ میں شاہ محمود قریشی کو وفاقی وزیرِخارجہ، اسد عمر وفاقی وزیرِخزانہ و اقتصادی امور، پرویز خٹک وزیرِدفاع اور فواد چوہدری کو وفاقی وزیرِ اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا۔ڈاکٹر شیریں مزاری کو وفاقی وزیر انسانی حقوق، شفقت محمود کو وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، غلام سرور خان کو وزیرِ پیٹرولیم، عامر محمود کیانی کو قومی صحت و خدمات، نورالحق قادری کو وفاقی وزیر مذہبی امور کا قلمدان سونپا گیا۔علاوہ ازیں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے خسرو بختیار کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو وفاقی وزیرِ ریلوے اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی فہمیدہ مرزا کو وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ بنایا گیا۔دیگر اتحادی جماعتوں کی طرح متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو بھی وزارتوں سے نوازا گیا، جس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف کے لیے فروغ نسیم اور وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے لیے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح مسلم لیگ (ق) کے چوہدری طارق بشیر چیمہ کو سیفران کا وزیر اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی زبیدہ جلال کو دفاعی پیداوار کا وزیر مقرر کیا گیا۔وفاقی کابینہ میں 5 مشیروں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں محمد شہزاد ارباب اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس و تجارت اور صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری، ڈاکٹر عشرت حسین انتظامی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور ڈاکٹر بابر اعوان پارلیمانی امور کا مشیر ہوں گے۔
پیر, ستمبر 14, 2026
تازہ خبریں:
- عوام سے لیڈروں کی دور ی کسی طوفان کا پیش خیمہ بنے گی : سید مجاہد علی کا تجزیہ
- موٹر سائیکل ، رکشا، 800 سی سی تک گاڑیوں کیلیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف
- ایران، امریکہ جنگ کےشعلے : چین چَین کی بنسری کیوں بجا رہا ہے ۔۔۔ ڈاکٹر سید علمدار حسین بخاری کا تجزیہ (1)
- اِس شہر کے کتنے روپ ہیں؟ ۔۔ یاسر پیرزادہ کا مکمل کالم
- دنیا میں امریکہ کا متبادل موجود نہیں : سید مجاہد علی کا تجزیہ
- نائن الیون کی 25 ویں برسی : امریکہ کٹہرے میں کھڑا ہے ۔۔ سید مجاہد علی کا کالم
- رضا اللہ کی مزاحمت کے باوجود ایجبسٹن ٹیسٹ میں شکست: انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف کلین سویپ
- کلثوم نواز شریف کی آٹھویں برسی خاموشی سے گزر گئی : کوئی قابلِ ذکر تقریب نہ ہوئی
- پشاور: دو خواتین کے گینگ ریپ کے چار ملزمان ’جائے وقوعہ کی نشاندہی‘ کے دوران کیسے ہلاک ہوئے؟
- دھرنوں کے مقابل ریاست کی موٹی کھال : نصرت جاوید کا کالم

