گڑھی خدا بخش : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت شکر کرے کہ ہم نے اس پر رحم کیا ورنہ ہم مزید جہاز بھی گرا سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کو اب پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، پھر سے جنگ مسلط کی گئی تو ہم تیار ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ خود کو دنیا کی بڑی معیشت کہنے والے چار دن جنگ نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ مودی کو اب پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، بھارت شکر کرے کہ ہم نے لحاظ کیا ورنہ ہم ان کے سارے جہاز گراسکتے تھے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ آج شہید بینظیر بھٹو کی شہادت اور پاکستان کو بچانے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ہی دن پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا گیا۔ یہ نعرہ بی بی شہید کا نعرہ تھا، کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو یاد رکھے یہاں زرداری بیٹھا ہے، یہاں پیپلز پارٹی اور جیالے موجود ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بےشک بھارت بڑی طاقت ہے لیکن وہ پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل جیسا دل گردہ کہاں سے لائے گا؟
انہوں نے کہا کہ جب مئی میں جنگ شروع ہوئی تو ملٹری سیکریٹری ان کے پاس آئے اور کہا کہ ”جنگ شروع ہوگئی ہے، سر! بنکر میں چلے جائیں“، میں نے اپنے انہیں کہا کہ ”لیڈر بنکرز میں نہیں میدان میں مرتے ہیں“۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بے وقوف آدمی نے اپنے دور میں پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا تھا۔ اس نے دنیا سے تعلقات منقطع کیے۔ مگر آج ڈونلڈ ٹرمپ بھی ہمارے فیلڈ مارشل کی تعریف کرتا ہے۔
صدر آصف زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھرتی ماں کو کبھی بھی ضرورت پڑی تو ہم جان و مال سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن کوئی گریبان میں ہاتھ ڈالے گا تو ’دھوبی پٹکا‘ ماریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر پاکستان کو سیاسی بحران سے نکالنا ہے تو اس کا حل بھی سیاسی طریقے سے نکالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک ایسے شخص کا انتخاب ضروری ہے جس پر سب کو اعتماد ہو۔ اس وقت مفاہمت کا بادشاہ صرف ایک ہی شخص ہے اور وہ آصف علی زرداری ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس سال کی سب سے بڑی کامیابی جنگ کے میدان میں بھارت کو شکست دینا ہے اور بھارت کے خلاف کامیابی پوری قوم کی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مئی میں ہونے والی شکست کو تاحال ہضم نہیں کر سکا اور بھارتی وزیراعظم اب عالمی فورمز پر جانے سے کتراتے ہیں، اب تو وہ ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی چھپ جاتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی طیاروں کو گرانے والے جنگی جہاز صدر آصف علی زرداری نے ہی چین سے منگوائے تھے۔
( بشکریہ : آج نیوز )

