لاہور :جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت ’ریاستی حصار‘ میں ہیں اور پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ لاہور بار کونسل نے ایک تقریب میں انھیں مدعو کیا تھا تاہم ’مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں۔ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ایک پُرامن شہری کو دانشوروں کے ماحول میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ان کی وفاداریاں مشکوک ہیں، ہماری وفاداریاں شک و شبہے سے بالاتر ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ان شا اللہ ان کی سازشیں بے نقاب ہوں گی‘ اور دعویٰ کیا کہ جمعیت علمائے اسلام کا ہر کارکن استقامت کے ساتھ کھڑا ہے اور جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کے مطابق ان کی جماعت نے وطن سے محبت اور وفاداری کی ہے اور کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔
انھوں نے اعلان کیا کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام ایک بڑی کانفرنس منعقد کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ سرگودھا ڈویژن میں ان کی جماعت کے کارکن ریاستی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں، مقامی قائدین کے کاروبار بند کیے جا رہے ہیں اور دکانیں سیل کی جا رہی ہیں۔
ان کے مطابق بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور تعاقب کیا جا رہا ہے، تاہم ان کا عزم ہے کہ سرگودھا کانفرنس ہر صورت منعقد کی جائے گی۔
انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اجتماع کو کامیاب بنائیں اور اپنی آزادی و حریت کا مظاہرہ کریں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت عوام، پاکستان اور ریاست کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور آج قومی و ملی وحدت کا وقت ہے، اس لیے ہر پاکستانی شہری کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف ریاستی قوتوں کے رویوں میں شدت اس وقت آئی جب انھوں نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے ان کے کردار کو بے نقاب کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گوادر، سندھ، ساحلی علاقوں اور پنجاب کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، وفاق یا کسی ایک طاقتور ادارے کی ملکیت نہیں، اور عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ان کی جماعت صبر کا دامن تھامے ہوئے ہے، تاہم استقامت کے ساتھ اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ وہ ’ریاستی جبر اور رکاوٹوں کے باعث‘ لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست خطاب نہیں کر سکے۔
( بشکریہ : بی بی سی )

