ڈیرہ غازی خان : ڈیرہ غازیخان جمعہ کے روز خوفناک دھماکے سے لرز اٹھا،جس کے بعد اخبارات اورمیڈیا کے دفاتر میں ٹیلی فون کالز کاتانتابندھ گیا۔
ریسکیو 1122کے مطابق دھماکے کی آواز 50 کلومیٹر تک سنی گئی تاہم کسی جانب سے بھی امدادی کارروئی کے لئے کوئی ٹیلی فون کال موصول نہیں ہوئی ۔دھماکہ اس قدر شدید تھاکہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ۔دریں اثناءبھارتی میڈیاکی جانب سے اس دھماکے کوایٹمی توانائی مرکز سے منسلک کیاجارہاہے ۔ذرائع کے مطابق دھماکہ 50کلومیٹر تک کے علاقے میں سناگیا۔
مقامی لوگوں کےمطابق دوپہر 12 بجکر 5 منٹ پر ڈی جی خان شہر اور گردونواح میں زور دار آواز سنی گئی۔ سیکیورٹی فورسز اور حکام نے ڈی جی خان کے قریب دھماکے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ” تمام اسٹریٹجک تنصیبات اور سویلین انفراسٹرکچر محفوظ ہے۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے،‘‘ ۔
تاہم، ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک سونک بوم تھا جب پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے لڑاکا طیاروں نے ڈی جی خان کے علاقے کو عبور کیا۔ پاکستانی حکومت یا مقامی حکام نے ابھی تک اس واقعے کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔

