واشنگٹن : امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے سبب خام تیل کی قیمت بھی بڑھی ہے اور پاکستان میں مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے والے ادارے اوگرا نے یکم اپریل سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 78 روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد اب اس کی فی کلو قیمت 304 روپے 12 پیسے ہو گئی ہے۔
اوگرا کے نوٹیفیکشن کے مطابق یکم اپریل سے گھریلو استعمال کے ایل پی جی سلنڈر (11.8 کلو گرام) کی کم سے کم قیمت 3588 روپے ہے۔
پاکستان میں ایل پی جی زیادہ تر شمالی علاقہ جات یا اُن علاقوں میں استعمال کی جاتی ہے جہاں پائپ لائن کے ذریعے گیس کی سہولت دستیاب نہیں جبکہ شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ، جیسے کہ رکشوں وغیرہ میں بھی ایل پی جی استعمال ہوتی ہے۔
انڈیا یا بنگلہ دیش کے برعکس پاکستان میں شہری علاقوں میں گھریلو صارفین کی بڑی تعداد پائپ کے ذریعے آنے والی قدرتی گیس استعمال کرتی ہے لیکن گذشتہ کئی برسوں سے گیس کی کمی اور کنکشنز پر پابندی کے سبب شہری علاقوں میں بھی صارفین کی بڑی تعداد ایل پی جی سلنڈر استعمال کر رہی ہے۔
آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹریبیوٹر ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں ایل پی جی کی یومیہ کھپت سات ہزار میٹرک ٹن ہے جو قدرتی گیس کی کمی کے باعث اب بڑھ کر آٹھ ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں ایل پی جی کی مقامی پیداوار تقریباً 2200 میٹرک ٹن ہے جبکہ باقی درآمد کی جاتی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں ایل پی جی سمندری راستوں کے علاوہ ایران کے زمینی راستے سے بھی آتی ہے۔
آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹریبیوٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایران میں جاری جنگ کے سبب زمینی راستوں سے درآمد میں کچھ خلل آیا جو اب بہتر ہو رہا ہے۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات جیسے پیٹرول، ڈیزل اور قدرتی گیس کی طرح ایل پی جی کی قیمتوں کا تعین بھی اوگرا ہی کرتا ہے لیکن نجی شعبے میں طلب اور رسد کی بنیاد پر ایل پی جی کی قیمت عموماً اوگرا کے متعین کردہ نرخوں سے مختلف ہوتی ہے۔
اسی لیے جب فراہمی میں کمی آتی ہے تو گھریلو سلنڈر حکومت کے اعلان کردہ نرخوں کے مقابلے میں زیادہ مہنگا فروخت ہوتا ہے۔
اوگرا کے حالیہ نوٹیفیکیشن کے بعد اسلام آباد میں ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے والی پرائیوٹ کمپنیوں کا 11 کلو گرام والا گھریلو سلنڈر 5000 روپے سے اوپر فروخت ہو رہا ہے۔
قیمتوں میں اس قدر فرق پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ اوگرا کی اعلان کردہ قیمتوں پر عمل در آمد کروانے کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کی ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی )
پیر, ستمبر 7, 2026
تازہ خبریں:
- پی آئی اے، بیجنگ اور شریکے : یاسر پیرزادہ کا مکمل کالم
- پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدر حماد اظہر ملتان سے گرفتار۔لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا
- صوبوں کی بحث ۔۔ کھودا پہاڑ نکلا چوہا : سید مجاہد علی کا تجزیہ
- نئے صوبے ۔۔بسم اللہ اسلام آباد سے کریں : سہیل وڑائچ کا کالم
- زیارت۔۔ مسلح جنگجوؤں کا فوجی قافلے پر حملہ 16 فوجی شہید : بی ایل اے اور ٹی ٹی میں تعلق پر سوالات
- نثار کھوڑو کی تحریکِ التوا یا تحریکِ پیش بندی؟ : نصرت جاوید کا کالم
- بلوچستان: ضلع کچھی میں مسلح افراد کا پولیس تھانے اور سرکاری دفاتر پر حملہ
- صوبوں کی تقسیم اور ملک کا ’مفرور صدر‘ : سید مجاہد علی کا تجزیہ
- دوسری دنیا کا قیام ممکن ہے : کمیونسٹ انٹرنیشنل کے یومِ تاسیس پر فہیم عامر کا خصوصی مضمون
- پیٹرول تین اور ڈیزل ڈھائی روپے لیٹر مہنگا کر دیا گیا

