جمعرات کوکابل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 90 ہوگئی جبکہ150افراد زخمی ہوگئے۔داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی
افغان وزارت صحت کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 150 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ساتھ ہی ایک طالبان رہنما نے دعوی کیا ہے کہ ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں ان کے کم از کم 28 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ ادھر امریکی صدر بائیڈن نے دولت اسلامیہ خراسان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ یاد رہے کہ جمعرات کو کابل میں ہوائی اڈے کے باہر ہونے والے دو خودکش حملوں میں 13 امریکی فوجیوں سمیت کم از کم 90 لوگ ہلاک 150 زخمی ہوئے ہیں تاہم پینٹاگون کا کہنا ہے کہ حملے کے باوجود انخلا کا مشن جاری رہے گا۔
روئٹرز سے بات کرتے ہوئے طالبان رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ’ہمیں امریکیوں سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔‘جمعرات کو ہونے والے حملے میں 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
طالبان رہنما کے مطابق اس حملے کے باوجود امریکہ کو اپنے انخلا کی تاریخ میں توسیع کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
اگرچہ افغانستان سے انخلا کا عمل جاری رہے گا تاہم کابل اور واشنگٹن میں امریکی حکام مزید حملوں کے خطرے کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔
امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل فرینک مکنزی کے مطابق نام نہاد دولت اسلامیہ کی جانب سے راکٹ حملوں یا کار بم کے ذریعے مزید حملے کیے جا سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ’ہم تیار رہنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔‘
جمعرات کو صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ حملوں کے باوجود انخلا کا عمل جاری رہے گا اور انھوں نے ایئرپورٹ حملے کا بدلہ لینے نام نہاد دولت اسلامیہ خراسان کے خلاف کارروائی کے لیے پینٹاگون کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دولت اسلامیہ خراسان نے دعوی کیا تھا کہ اس کے ایک خودکش بمبار نے امریکے فوج کے مترجم اور حامیوں کو نشانہ بنایا تھا۔
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے۔جو بائیڈن نے جمعرات کو کابل کے لیے ایک ’مشکل دن‘ قرار دیا۔
انھوں نے ان فوجیوں کی تعریف کی جو ان کے بقول ’دوسروں کی زندگیاں بچانے کے خطرناک مشن میں مصروف‘ تھے۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکی ’ان تمام افغان خاندانوں کے لیے دکھی ہیں جنھوں نے اس ظالمانہ حملے میں بچوں سمیت اپنوں کو کھو دیا۔‘
(بشکریہ: بی بی سی اردو)
کابل ایئرپورٹ حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 90 ہوگئی،150افراد زخمی۔۔داعش نے ذمہ داری قبول کرلی
ایڈیٹر1 Views

